• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت:’اے دل ہے مشکل‘ کی ریلیز روکنے پر ریٹائرڈ جج کی للکار

India Retired Judge Angry On Stopping Release Of Ae Dil Hai Mushkil
ایم این ایس کی طرف سے فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کی ریلیز روکنے کی دھمکیوں کے خلاف بھارت میں آوازیں اٹھنے لگیں۔

کانگریس نے مودی سرکار کو تنقید کا نشانہ بنایا تو بھارت کے ریٹائر جج نے بھی انتہا پسندوں کو للکار دیا، ممبئی فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلم شامل نہ کیے جانے پر بالی ووڈ اداکار بھی بول پڑے۔

ایک طرف مخالفت تو دوسری طرف پاکستانی اداکاروں کے حق میں آوازیں بھی کم نہیں۔بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج مارکنڈے کاٹجو نے ایم این ایس کے کارکنوں کو غنڈے قرار دیا۔

سابق بھارتی کرکٹر سنجے منجریکر نے کہا کہ دھمکیوں کا سلسلہ جاری رہا تو اگلے انتخابات کے بعد اسمبلی میں ان کا ایک رکن بھی نہیں ہوگا۔

ہندو انتہا پسندوں کے رویے اور مودی سرکار کی خاموشی کے خلاف کانگریس بھی بول پڑی، کانگریس کے رہنما ٹام وڈاکان نے کہا کہ جو فلم سنسر بورڈ سے کلیئر ہے اسے ہر حال میں ہی ریلیز ہونا چاہئے۔

ممبئی فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلم پر پابندی کے خلاف بالی وڈ اداکار بول پڑے،مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے کہا کہ پاکستانی فلم نہ دکھانے پر ممبئی اکیڈمی آف موونگ امیج سے سوال پوچھنا چاہیے۔

کالکی کوچلین، زویا اختر اور عمران خان نے بھی پاکستانی فنکاروں کے حق میں آواز اٹھائی،ابھے دیول کا کہنا تھا کہ وہ ایسی حکومت کو نہیں مانتے جو فنکاروں پر پابندی لگاتی ہے۔

پاکستانی کلاسیکل فلم ’جا گو ہوا سویرا‘ کو فیسٹیول میں نمائش کیلئے منتخب کیا گیا تھا، لیکن انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے بعد 17اکتوبر کو ہی اسے نکالنے کا فیصلہ کرلیا گیا تھا۔
تازہ ترین