• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کابیان امریکی جمہوریت کیلئے خطرہ ہے، ہلیری

Trumps Statement Is A Threat To American Democracy Hillary
ٹرمپ کی جانب سے انتخابی نتیجے کو تسلیم نہ کیے جانے کے بیان کو ہلیری کلنٹن نے امریکی جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دے دیا ہے ۔ دوسری جانب ادکارہ سلما ہائیک کا کہنا ہے کہ ٹرمپ نے ان سے بھی دوستی کرنے کی کوشش کی تاہم ان کے انکار پر وہ ان کے خلاف ہوگئے ۔

ریاست اوہائیو میں ریلی سے خطاب میں ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی جانب سے انتخابی نتائج پر شکوک کا اظہار امریکی جمہوریت کے لیے خطرہ ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پتا ہے کہ لیڈرشپ اور ڈکٹیٹرشپ میں کیا فرق ہوتا ہے اور اقتدار کی پرامن منتقلی سے دونوں میں تفریق کی جاسکتی ہے ۔ تاہم ٹرمپ کی جانب سے من پسند نتیجہ نہ آنے کی صورت میں انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنے کا بیان ہماری جمہوریت کے لیے خطرہ ہے ۔

عراق میں مارے جانے والے امریکی فوجی ہمایوں خان کے والد پاکستانی نژاد خضر خان ایک بار پھر ڈیموکریٹ پارٹی کی الیکشن مہم کا حصہ بنے ہیں ۔ اس بار انہوں نے ایک اشتہار میں پیش کیا گیا ہے ۔

60 سکینڈ دورانیے کے اس اشتہار میں خضر خان کو اپنے بیٹے کی تصاویر اور میڈلز کو دیکھتے ہوئے بتایا گیا ہے ۔۔ جس کے آخر میں خضر خان کو آبدیدہ آنکھوں کے ساتھ یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ "میں مسٹر ٹرمپ سے سوال پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا آپ کے امریکا میں میرے بیٹے کے لیے کوئی جگہ ہوتی؟"

ٹرمپ کے خلاف جنسی الزامات کا سلسلہ تو جاری تھا ہی اب ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ سلما ہائیک نے بھی ٹرمپ پر الزام عائد کردیا ہے کہ وہ ان کے ساتھ دوستی کے خواہش مند تھے ۔

ایک اسپینش ریڈیو کو انٹرویو میں سلما ہائیک کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انہیں کھانے پر لے جانا چاہتے تھے تاہم ان کے انکار کرنے پر وہ غصے میں آگئے اور انہوں نے ان کے خلاف جھوٹی خبریں اخبارات میں چھپوائیں ۔

سلما ہائیک کا کہنا تھا کہ جن خواتین نے ٹرمپ پر جنسی حملوں کے الزامات لگائے ہیں انہیں ان سب پر یقین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کا صدر منتخب ہونا لاطینی امریکی باشندوں کے لیے اچھا نہیں ہوگا ۔
تازہ ترین