• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشین چیمپئنز ہاکی، پاکستان آج بھارت سے مقابلہ کریگا

Champions Hockey Pakistan Will Face India Today
ملائیشیا میں کھیلی جانے والے ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹور نامنٹ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

فائنل کی راہ ہموار کرنے کیلئے دونوں ٹیموں کے لئے میچ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق میچ تین بجے سہ پہر شروع ہوگا۔

ایونٹ میں دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔ پاکستان نے کوریا کو اور بھارت نے جاپان کو شکست دی۔ پاکستان کو دو میچز میں ایک کامیابی ملی ہے۔ پاکستان کو پہلے میچ میں ملائیشیا کے ہاتھوں ناکامی اٹھانا پڑی تھی۔

بھارت کے خلاف میچ کے بارے میں پاکستانی ٹیم کے منیجر حنیف خان نے کہا ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں پر بھارت کے خلاف میچ کے حوالے سے کوئی دبائو نہیں ہے۔ جنوبی کوریا سے جیتنے کے بعد کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان فرید احمد نے کہا ہے کہ ہم اس میچ کو جیتنے کے لئے میدان میں جائیں گے، ہم پر کوئی دبائو نہیں ہوگا پوری کوشش ہوگی کہ حریف کے خلاف فتح حاصل کریں۔

بھارتی ہاکی ٹیم کے کپتان پی آر سری جیش نے کہا کہ روایتی حریف پاکستان سے ایشین چیمپئنز ٹرافی میچ کو پر سکون انداز میں کھیلیں گے۔ بھارتی ٹیم کی نگاہیں ٹائٹل جیتنے پر مرکوز ہیں ۔

ایک انٹرویو میں بھارتی کپتان نے کہا کہ دیگر ٹیموں کی طرح پاکستان بھی اس ایونٹ میں ایک حریف ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی جانب سے کھلاڑیوں پر دبائو آسکتا ہے۔ اس لیے میں انھیں مشورہ دوںگا کہ جو میچ یہاں ہورہا ہے اس پر توجہ دیں اور سوشل میڈیا سے دور رہیں۔

پاکستان اور بھارت کا میچ ہمیشہ ہی بہت زیادہ جذباتی کرنے والا ہوتا ہے، ہم اس میں اپنا 100فیصد کھیل پیش کرنا چاہتے ہیں ۔
تازہ ترین