• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Polio Campaign In Karachi Today
کراچی میں انسداد پولیو مہم  پیر 24اکتوبر سے شروع ہوگی، جو 6روز جاری رہے گی۔ 188یونین کونسلوں میں مہم پر عملد رآمد کیا جائیگا۔

22لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ کمشنر کراچی اعجاز احمد خا ن کی زیر صدارت ان کے دفتر میں ایک اجلاس میں پیر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کا جائزہ لیا گیا۔

جائزہ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی اسلم کھوسو، ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے انسداد پولیو سندھ کے کو آرڈینیٹر فیاض جتوئی، تمام ڈپٹی کمشنرز کراچی پولیو ٹاسک فورس کے کو آرڈینٹر ڈاکٹر نصرت علی، بل گیٹس اینڈ میلنڈا فائونڈیشن کے صوبائی کنسلٹنٹ احمد علی شیخ اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندے اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پیر سے شروع ہونیوالی انسداد پولیو مہم کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے ضلع میں انتظامات کی تفصیل سے کمشنر کراچی کو آگاہ کیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ انسداد پولیو کے لئے انتظامیہ محکمہ صحت اور عالمی پارٹنرز بھر پور باہمی تعاون کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور کمیونٹی کے لوگوں سے رابطہ قائم ہے۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ انسداد پولیو قومی مقصد ہے۔ افسران قومی خدمت کے جذبہ سے کام کریں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت ملک سے پولیو کے خاتمہ کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، تاکہ جلد از جلد پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنایا جاسکے۔

انھوں نے کہا کہ اس سے قومی وقار اور بچوں کا مستقبل وابستہ ہے اور یہ بھی کہا کہ رہ جانے والے بچوں پر خصو صی توجہ دی جائے۔ یقینی بنایا جائے کہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے سے محروم نہ رہے۔

انھوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اپنے بچوں کو ہر مہم میں پولیو کے قطرے پلائیں اس سے ان کے اندر پولیو وائرس کیخلاف وقوت مدافعت میں اضافہ ہوگا۔
تازہ ترین