• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ، ایک ہفتے میں 102 کیسز

Number Of Dengue Cases 102 Cases In A Week
صوبائی محکمہ صحت کی غفلت کے باعث شہرمیں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کی تشخیصی کٹس کی ناپید ہوگئی ہیں جبکہ میگا یونٹس کےلئے بھی مریضوں کو نجی اسپتالوں سے رجوع کرنا پڑ رہا ہے ۔

ذرائع کے مطابق محکمہ کی جانب سے مچھر مار اسپرے مہم چلائی گئی ہے نہ ہی لاروا سائیڈل ایکٹیویٹی کی گئی ہے جس کے باعث مچھروں کی افزائش کو نہیں روکا جاسکا اور مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔

ڈینگی پریوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام سندھ ہی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتےشہر میں ڈینگی کے 102کیسز رپورٹ ہوئے ۔ شہر کے مختلف اسپتالوں کی او پی ڈیز میں 41ایسے مریضوں کو لایا گیا جو ڈینگی سے متاثر تھے جبکہ61 مریضوں کو ڈینگی کی شکایت پر مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا ۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک صوبے میں ڈینگی سے3ہلاکتیں ہوئی ہے اور1713کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 1510کیسز کراچی کےہیں ۔ ذرائع کے مطابق شہرکے بیشتر سرکاری ونجی اسپتال ڈینگی کنٹرول پروگرام کو اعداد و شمار فراہم نہیں کرتے جس سے درست اعداد وشمار سامنے نہیں آپاتے ۔

ذرائع کے مطابق رواں سال شہر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد4ہزارسے تجاوز کر چکی ہے جبکہ ڈینگی سے 4ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں جبکہ اسپتالوں میں ڈینگی وائرس کی تشخیصی کٹس بھی ناپید ہیں اس ضمن میں عباسی شہید اسپتال کی انتظامیہ ڈینگی کنٹرول پروگرام کو کٹس کی فراہمی کے لئے خط ارسال کرچکی ہے ۔

ذرائع کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں میگا یونٹس بھی مریضوں کو دستیاب نہیں ہوتے جس کےلئے انہیں نجی اسپتالوں سے رجو ع کرنا پڑ رہا ہے لیکن اس صورتحال پر قابو پانے کےلئے ڈینگی پریوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام سندھ کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال صوبے میں ڈینگی کے  3676کیسز سامنے آئے تھے اور ڈینگی سے 11ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں۔اس سلسلے میں ڈینگی پریوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام سندھ کے منیجر ڈاکٹر مسعود سولنگی کا کہنا تھا کہ مچھر مار اسپرے مہم اور لاروا سائیڈل ایکٹیویٹی کرنا کے ایم سی کا کام ہے جس کیلئے  بارہا خطوط کے بعد کمشنر کراچی سے میٹنگ بھی کی تھی ۔ 
تازہ ترین