• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریڑھ کی ہڈی والے جانوروں کی تعداد میں کمی کا خطرہ

Risk Of Reduction In The Number Of Vertebrates
ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 1970 کے بعد سے جنگلی حیات کی آبادی میں 58 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) اور زولوجیکل سوسائٹی آف لندن کے اندازوں کے مطابق اگر کمی کا سلسلہ جاری رہا تو 2020 تک ریڑھ کی ہڈی والے جانوروں (ورٹیبریٹس) کی تعداد میں دو تہائی کمی واقع ہو جائے گی۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق، اعداد و شمار دیکھ کر یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس سے سب سے زیادہ نقصان ان جانوروں کو ہوگا جو جھیلوں، دریاؤں اور نم زمینوں پر رہتے ہیں۔ جنگلی حیات میں اس کمی کی بڑی وجوہات میں ماحولیاتی تبدیلی، آلودگی اور جنگلی جانوروں کی تجارت شامل ہیں۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف میں سائنس اینڈ پالیسی کے سربراہ ڈاکٹر مائک بیریٹ کا کہنا ہے کہ یہ واضح ہے کہ ہم جنگلی حیوانات کی آبادی میں مسلسل کمی دیکھیں گے، لیکن میرے خیال میں اب ہم اس نقطہ پر پہنچ چکے ہیں جہاں اس کیلئے کوئی عذر موجود ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس کی وجوہات سے واقف ہیں اور جانتے ہیں کہ کائنات اور جنگلی حیات پر انسانوں کے اثرات کی حد کیا ہے، اب یہ ہم پر ہے کہ ہم کچھ کریں۔ تاہم اس رپورٹ کے طریقۂ کار پر تنقید کی گئی ہے۔

دی لیونگ پلینٹ نامی یہ رپورٹ ہر دو سال بعد شائع کی جاتی ہے اور اس کا مقصد دنیا میں جنگلی جانوروں کے بارے میں اعداد و شمار مہیا کرنا ہے۔ اس رپورٹ میں پرندوں، مچھلیوں، ممالیہ، خشکی اور تری دونوں پر رہنے والے جانور اور رینگنے والے جانوروں کی جمع کی گئی 3700 مختلف انواع پر تجزیہ کیا گیا ہے۔

گزشتہ رپورٹ جو 2014 میں شائع کی گئی تھی، اس میں کہا گیا تھا کہ دنیا میں جنگلی جانوروں کی تعداد گزشتہ 40 برسوں میں نصف رہ گئی ہے۔ اس کے بعد اس تازہ تجزئیے سے معلوم ہوا کہ 1970 کے بعد سے یہ سلسلہ جاری رہا ہے اور اب تک جنگلی حیات کی آبادی میں اوسطً 58 فیصد کمی ہوئی ہے۔

ڈاکٹر مائک بیریٹ کا کہنا تھا کہ خاص طور پر تازہ پانیوں میں رہنے والے جانوروں میں زبردست کمی ہوئی ہے جو 81؍ فیصد ہے۔ اس کے علاوہ دیگر جانوروں مثلاً  افریقی ہاتھیوں کی تعداد میں بھی حالیہ دنوں کے دوران بڑی تعداد میں کمی ہوئی ہے۔

محققین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ریڑھ کی ہڈی والے جانوروں کی تعداد میں سالانہ دو فیصد کمی واقع ہورہی ہے اور اگر کچھ نہ کیا گیا تو دہائی کے اختتام تک جنگلی حیات میں 67 فیصد کمی ہونے کا خطرہ ہے۔
تازہ ترین