• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: ناظم آباد میں مجلس عزاء پر فائرنگ ،5افراد جاں بحق

5 Killed In Firing Incidents In Karachi
کراچی کے علاقے ناظم آباد چار نمبر میں مجلس عزا پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو بھائیوں سمیت پانچ افراد جاں بحق اور خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق چار دہشت گرد دو موٹر سائیکلوں پر آئے، پہلے گھر کے باہر موجود مردوں کو گولیاں ماریں، فائرنگ کی آواز سن کر خواتین باہر آئیں تو ان پر بھی فائر کھول دیا۔

کراچی میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کا نیٹ ورک پھر سرگرم، اس بار نشانہ بنا ناظم آباد نمبر چار کا علاقہ جہاں تھانے اور رینجرز ہیڈ کوارٹر کے نزدیک واقع گھر میں مجلس عزا ہورہی تھی۔

ایک عینی شاہد نے جیو نیوز کو بتایا کہ ہیلمٹ پہنے چار دہشت گرد دو موٹر سائیکلوں پر بیٹھ کر بے خوف وخطر آئے، ایک اُتر کر قریب آیا اور آتے ہی گولیاں چلانی شروع کردیں۔

دہشت گردوں کی فائرنگ سے پانچ افراد جاں بحق اور دو خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی اور علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ پولیس حکام کے مطابق جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے خول ملے ہیں، دہشت گردوں نے واردات مکمل ریکی کے بعد کی۔

مجلس عزا کو پولیس سیکورٹی فراہم نہ کرنے کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ منتظمین نے علاقہ تھانے کو مجلس کے حوالے مطلع نہیں کیا تھا۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر اور ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر نے بھی جائے وقوع کا دورہ کیا۔

ایڈیشنل آئی جی نے بتایا کہ کالعدم لشکر جھنگوی کے دو تین گروہ ہیں جو یہ کارروائیاں کررہے ہیں ، انہوں نے دہشت گردوں سے متعلق معلومات دینے والے کیلئے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔ واقعے کی کوریج کے دوران مشتعل افراد نے میڈیا کے نمائندوں پر تشدد کیا اور کیمروں سمیت دیگر آلات کو نقصان پہنچایا۔
تازہ ترین