• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گڈانی: بحری جہاز میں دھماکا، ہلاکتیں 16 تک جاپہنچی

Death Tolls Rises To 16 In Gadani Ship Blast
گڈانی شپ یارڈ میں تباہ شدہ جہاز سے مزید 4 لاشیں نکال لی گئیں۔ حادثے میں جاں بحق مزدروں کی تعداد 16 ہوگئی۔ کئی گھنٹوں بعد بھی جہاز کے شعلے ٹھنڈے نہیں ہوسکے۔

گڈانی میں دور سے ہی نظر آنے والے شعلے اب تک کئی قیمتیں جانیں نگل چکے ہیں۔ گڈانی میں گزشتہ روز تباہ ہونے والے کروڈ آئل سے بھرے ناکارہ بحری جہاز کی آگ پر کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی قابو نہ پایا جاسکا ہے۔ رات ہونے کی وجہ سے آگ بجھانے کا کام روک دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز گڈانی کے شپ بریکنگ یارڈ میں لائے گئے ناکارہ بحری جہاز پر مزدور، گیس کٹر کے ذریعے جہاز کے مختلف حصوں کو توڑنے میں مصروف تھے کہ وقفے وقفے سے دھماکے شروع ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق کئی کلو میٹر دور تک سُنائی دینے والے دھماکوں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ لوہے کی وزنی چادریں کاغذ کے پرزوں کی طرح اوپر بلند ہوئیں اور مزدوروں پر آگریں

دھماکوں کے بعد جہاز میں ہر طرف آگ لگ گئی، بہت سے مزدوروں نے سمندر میں چھلانگ لگا کر جان بچائی تاہم کئی مزدوروں کو سنبھلنے کا موقع تک نہ ملا۔

زخمیوں کو فوری طور پر مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں سے شدید زخمیوں کو سول اسپتال کراچی بھیج دیا گیا۔
نیوی،ایئرفورس، پورٹ ٹرسٹ، کے ایم سی اور دیگر اداروں کے فائر ٹینڈر آگ بجھانے میں مصروف ہیں جبکہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی کیمیکل ملے پانی کا اسپرے کیا جارہا ہے۔

ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اب بھی درجنوں مزدور جہاز کے اندر محصور ہیں اور ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
تازہ ترین