• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کی تین اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی آمدورفت میں ردو بدل

A Change In The Traffic Movement On Three Major Streets Of Karachi
افضل ندیم ڈوگر ...کراچی جنوبی کے اہم ترین کاروباری علاقے میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر تین اہم شاہراہوں پر گاڑیوں کی آمدورفت میں غیرمعمولی ردوبدل کیا جارہا ہے۔

منصوبے کے تحت آئی آئی چندریگر روڈ کو ٹاور تک یکطرفہ جبکہ ایم اے جناح روڈ اور شاہراہ لیاقت کو پہلے سے رائج نظام کے مخالف سمیت ون وے کیا جارہا ہے۔

ٹریفک انجینئر نگ بیورو کے ذرائع کے مطابق کراچی کے اہم ترین کاروباری مراکز کو جانے والا آئی آئی چندریگر روڈ کئی دہائی سے دو رویہ ٹریفک کے لئے مختص ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لئے مجوزہ منصوبے کے تحت اس اہم شاہراہ کو ون وے کیا جا رہا ہے۔ منصوبہ کے تحت اب شاہین کمپلیکس سے آئی آئی چندریگر روڈ پر ٹریفک میری ویدر ٹاور کی طرف جاسکے گی۔ اس دو کلومیٹر کی شاہراہ گاڑیاں شاہین کمپلیکس کی طرف نہیں آسکیں گی۔

اسی طرح کھارادر میں اولڈ اسٹیٹ بینک سے برنس روڈ کے فریسکو چوک تک شاہراہ لیاقت پر سالہہ سال سے ٹریفک ون وے چلائی جارہی ہے۔ نئی منصوبہ بندی کے تحت اس مصروف ترین شاہراہ کو موجودہ سسٹم کے برخلاف فریسکو چوک سے کھارادر تک جانے کے لئے ہر طرح کی ٹریفک کے لئے ون وے کیا جارہا ہے۔

کئی سالوں سے رائج ٹریفک سسٹم کے تحت ایم اے جناح روڈ کو جامعہ کلاتھ سے میری ویدر ٹاور تک ٹریفک کے لئے ون وے استعمال کیا جا رہا ہے لیکن مجوزہ منصوبہ بندی کے بعد اس اہم شاہراہ پر ٹریفک ٹاور سے جامع کلاتھ تک الٹا چلے گی۔

پہلے سے رائج سسٹم کے تحت جامعہ کلاتھ مارکیٹ سے نمائش چورنگی تک ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک دو رویہ ہی چلے گی۔ جامعہ کلاتھ مارکیٹ سے ٹاور جانے والے ٹریفک کو فریسکو چوک سے شاہراہ لیاقت پر رواں کیا جائے گا۔

تینوں شاہراہوں کے 26 لنک روڈز اور گلیوں میں بھی آمدورفت میں تبدیل کی تیاری کی جارہی ہے اور اس منصوبے پر عملدرآمد کے لئے ٹریفک انجینئر نگ بیورو، ڈسٹرکٹ پولیس، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے مابین ڈے ٹو ڈے میٹنگز کی جارہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں ٹریفک کی آمدورفت میں ردو بدل کے تین مختلف پلان تیار کئے گئے تھے جن میں سے ایک پلان کو حتمی قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر کمشنر کی سربراہی میں گزشتہ روز اہم اجلاس ہوا جس میں ٹریفک انجینئر نگ بیورو، پولیس اور دیگر شعبوں کے افسران نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق کمشنر کراچی نے متعلقہ اداروں کو جامع منصوبہ بندی کرکے علاقے کے اہم اداروں کے متعلقین کو اعتماد میں لینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
تازہ ترین