• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی جریدے نے پاکستانی معیشت کے استحکام کا اعتراف کر لیا

American Journal Admitted Strength Of Pakistan Economy
رفیق مانگٹ.... امریکا کے معروف جریدے ’فوربز‘ نے ایک بار پھرپاکستانی معیشت کے استحکام کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے بھارت اور چین کوبہت پیچھے چھوڑ دیا ہے ،غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے سے پاکستانی مارکیٹ میں مثبت اور بھارت اور چین کی اسٹاک ایکسچینج پرمنفی رجحان جاری ہے۔

جریدے نے لکھا ہے کہ امریکی شرح سود میں اضافہ بھی پاکستانی معیشت کو متزلزل نہیں کرسکا اور بازار حصص نے تسلسل کے ساتھ وسیع مارجن کے ساتھ بھارت اور چین کی مارکیٹوں کومات دینا جاری رکھا ہوا ہے جس کا اعتراف دنیا بھر کی مارکیٹ میں سرمائے کے مواقع تک رسائی کی سہولت فراہم کرنے والی امریکی کمپنی نے کیا ہے۔

جریدے کی رپورٹ کے مطابق نیویارک میں قائم کمپنی گلوبل ایکس مورگین اسٹینلی کیپٹل انٹرنیشنل( گلوبل ایکس ایم ایس سی آئی) نے کہا ہے کہ گزشتہ بارہ ماہ میں پاکستان ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز(ای ٹی ایف) میں سولہ فی صد اضافہ ہوا جبکہ ای ٹی ایف کے حوالے سے پورا سال بھارت اور چین کی مارکیٹ منفی رہی۔ چین کی مارکیٹ منفی ایک عشاریہ پانچ اور بھارت منفی تین عشاریہ چوبیس رہی۔

جریدے نے ستمبر میں اپنی رپورٹ میں لکھا تھا کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں اصلاحات اور معیشت کے استحکام سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔گزشتہ بارہ ماہ کی کارکردگی کے لحاظ سے پاکستان کی مارکیٹ 20؍ فیصد، چین کی 9؍ عشاریہ 80؍ فی صد، اور بھارت کی 12عشاریہ 77فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیاتاہم نومبر کے آخر پر جاری رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان مارکیٹ نے واضع طور پر چین اور بھارت کی مارکیٹوں کو اندھیرے میں چھوڑ دیا ۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا تھاکہ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ کی مالیت میں گزشتہ 5 سال کے دوران 400 فیصد اضافہ دیکھا گیا جب کہ اس عرصے کے دوران چین کی اسٹاک مارکیٹ کی مالیت میں صرف 16 فیصد اور بھارت کی اسٹاک مارکیٹ کی مالیت میں 33 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مارکیٹ کی بہتری کیلئے کی جانے والی اصلاحات بھی پاکستانی مارکیٹ کا اعتماد بحال ہوا ہے عالمی بینک کی جانب سے فراہم کیے جانے والے ایک ارب ڈالر جبکہ شنگھائی الیکٹرک پاور کمپنی کی جانب سے کے الیکٹرک کی خریداری بھی مارکیٹ میں اضافے کی وجہ ہے۔ ان اقدامات کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور ان کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے میدان میں جھجک ختم ہورہی ہے۔
تازہ ترین