• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خون کی کمی حاملہ خواتین کی اموات کا بڑا سبب ہے، وزیر صحت

Anemia Is A Leading Cause Of Maternal Mortality Health Minister
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا ہے کہ خون کی قلت سے حاملہ خواتین کی اموات باعث تشویش ہے، صحت مند ماں ہی صحت مند اور بیماریوں سے پاک بچہ جنم دے سکتی ہے، سندھ حکومت خواتین کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے اس سلسلے میں لوگوں اور سماجی تنظیموں کا کردار بھی بڑی اہمیت رکھتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائٹ این الائنس کے زیراہتمام مقامی ہوٹل میں منعقدہ ’’خون کی کمی سے خواتین کی اموات‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں گیارہ سو یونین کونسلیں ہیں جن کے لئے22 ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز موجود ہیں اگر وہ فرض اور ایمانداری سے گھر گھر جا کر خواتین کو صحت کے بارے میں مفید مشورے اور علاج اور ادویات فراہم کریں تو خواتین کو خون کی کمی سے ہونے والی اموات کو کیا جا سکتا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کو صحت کی بہتر اور معیاری سہولتیں فراہم کرنا ہی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، سماجی تنظیموں کے تعاون سے خواتین کی بہتر صحت کے بارے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں جس کے لئے ہمیں مل جل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔

اس موقع پر ڈاکٹر عاصمہ بدر، زوار کھوڑو، ڈاکٹر ثمینہ، ڈاکٹر قدسیہ عظمیٰ، ڈاکٹر نیلوفر سمیت ماہرین نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار میں کراچی کے علاوہ سندھ بھر سے تعلق رکھنے والی سماجی تنظیموں کے عہدیداروں کے علاوہ صحافیوں نے بھی شرکت کی۔ سیمینار میں ملٹی میڈیا کے ذریعے شرکاء کو خون کی کمی سے خواتین کی ہونے والی اموات کے بارے میں بتایا گیا اور اہم آگاہی دی گئی۔
تازہ ترین