• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈینگی وائرس پر قابونہیں پایاجاسکا، 42 مزید کیسز رپورٹ

42 More Dengue Cases Reported
شہر میں ڈ ینگی وائرس کے کیسز کا سلسلہ تاحال جاری ہے ۔ گزشتہ ہفتے بھی شہر کے مختلف اسپتالوں میں ڈ ینگی وائرس کے 42کیسز رپورٹ ہوئے ۔ ڈینگی پریوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام سندھ کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتےشہرکے مختلف اسپتالوں کی او پی ڈیز میں12ایسے مریضوں کو لایا گیا جو ڈینگی سے متاثر تھے جبکہ30 مریضوں کو ڈینگی کی شکایت پر مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا ۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک صوبے میں ڈینگی سے3ہلاکتیں ہوئی ہیں اور2286کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 1858 کیسز کراچی کےہیں ۔ یہ وہ کیسز ہیں جو رپورٹ ہوئے ہیں رپورٹ نہ ہونے والے کیسز کی تعداد ہزاروں میں ہے ۔

ذرائع کے مطابق رواں سال صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 4ہزار سے تجاوز کر چکی ہےجبکہ درجنوں ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں جو رپورٹ نہیں ہوئیں ۔ اور اس کا اظہار ڈینگی پریوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام سندھ کے مینیجر ڈاکٹر مسعود سولنگی بھی کرچکے ہیں کہ شہر کے بیشتر سرکاری ونجی اسپتال ڈینگی کیسز کے اعدادوشمار فراہم نہیں کررہے جس سے درست کیسز کی تعداد سامنے نہیں آپائی اور سیکڑوں کیسز رپورٹ نہیں ہوئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال صوبے میں ڈینگی کے 3676کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور ڈینگی سے 11ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں لیکن اس کے باوجود رواں سال بھی مچھر مار اسپرے مہم اور لاروا سائیڈل ایکٹیویٹی نہیں کی گئی جس سے مریضوں کی تعداد بڑھتی گئی ۔
تازہ ترین