• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں سرد ی کے بجائے دیسی انڈے کی قیمتوں میں اضافہ

Prices Of Desi Eggs Hiked In Karachi
افضل ندیم ڈوگر...مرغی پہلے آئی یا انڈا، یہ بحث سالہا سال سے چل رہی ہے اور نہ جانے کب تک چلتی رہے لیکن کراچی میں سرد موسم ابھی کھل کر آیا نہیں اور دیسی انڈے کی ہوشربا تازہ قیمت شیخ چلی کے خواب کو حقیقت کی طرف لےجاتی دکھائی دیتی ہے۔

ایک دیسی مرغی خرید کر اس کے انڈے بیچنے والا کوئی بھی شخص محض تین ماہ میں ایک مرغی خانے کا مالک بن کر حقیقت میں شیخ چلی ثابت ہوسکتا ہے۔

کراچی میں دیسی انڈے کی قیمت ملک میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، فارمی انڈا 10 سے 11 روپے میں دستیاب ہے لیکن ایک دیسی انڈا 25 سے 28 روپے میں مل رہا ہے، اندرون ملک یہی انڈا 12 سے 15 روپے میں دستیاب ہے۔

کراچی میں گزشتہ سال دیسی انڈوں کی فی درجن قیمت 220 سے ڈھائی سو روپے تک تھی، رواں موسم میں ابھی سردی ٹھیک سے شروع بھی نہیں ہوئی لیکن دیسی انڈے کی موجودہ قیمت 300 سے 320 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

دیسی انڈے کی بڑھتی قیمت دیکھ کر جعل ساز بھی خوب سرگرم ہوگئے ہیں، ایسے میں دیسی انڈا کھانے کے شوقین افراد کو خبردار کیا جاتا ہے کہ دیسی انڈے سے مشابہت رکھنے والے چینی مرغیوں کے انڈے خریدنے سے بچیں کیونکہ چینی انڈے بھی فراوانی سے دستیاب ہیں جن کی اصل قیمت برائیلر انڈوں کی طرح 130 سے 150 کے درمیان ہے لیکن جعلساز اور نقال دکان اُنہیں دیسی انڈوں کے طور پر بھاری قیمت پر فروخت کرکے شہریوں کو لوٹ رہے ہیں۔

ایک سروے کے مطابق انڈا دینے والی دیسی مرغی 400 سے روپے تک میں دستیاب ہے، یہ مرغی کسی خرچے کے بغیر روزانہ ایک انڈا دیتی ہے، اس تناسب سے ایک مرغی خرید کر اُس کے انڈے 320 روپے درجن کے حساب سے فروخت کئے جائیں تو تقریباً دو ہفتے کے بعد دوسری مرغی خریدی جاسکتی ہے۔

اسی طرح ان دو مرغیوں کے انڈے مزید دو ہفتے بیچے جائیں تو یہ کام شروع کرنے والا شخص محض ایک ماہ میں 4 مرغیوں کا مالک بن سکتا ہے اور کاروبار شروع کرنے کے ڈیڑھ ماہ بعد آدھے درجن مرغیاں اُس حقیقی شیخ چلی کی ملکیت ہوںگی۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ کراچی جیسے شہر میں اس کاروبار کیلئے کسی عام گھر کی چھت کافی ہے، مرغیوں کو کھلانے کیلئے کسی لمبی چوڑی انویسٹمنٹ کی ضرورت نہیں بلکہ وہ گھر کے کچرے یا بچی کچی گھریلو چیزوں سے اپنی خوراک کی دال روٹی حاصل کرکے خوش و خرم زندگی بسر کرتی ہیں اور روزانہ 25 روپے سے زائد مالیت کا انڈا بھی اصلی ملتا ہے، کراچی کے نواحی علاقوں میں یہ کاروبار تیزی سے پھیل رہا ہے۔
تازہ ترین