• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برڈ فلو،جاپان اورجنوبی کوریا میں لاکھوں مرغیاں تلف

Bird Flu Millions Of Chickens Killed In Japan And South Korea
ایشیا کے مختلف حصوں میں برڈ فلو کی وبا پھیل گئی ہے جس کی وجہ سے صحت کے سرکاری محکموں کے حکام پریشان ہیں۔

جاپان میں H5 فلو کی وجہ سے پرندوں کی ہلاکت کے بعد وہاں کی حکومت اپنے ہاں دو مختلف مقامات نیگاٹا اور آؤمورو میں 3 لاکھ مرغیوں اور بطخوں کو تلف کررہی ہے۔

اس نئی وبا نے 2000 کے عشرے کے وسط میں پھیلنے والے خطرناک ترین وائرس H5N1 کی یاد تازہ کردی ہے، جس کی وجہ سے ساڑھے چار سو سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس سے قبل جنوبی کوریا میں 15 لاکھ سے زائد پرندوں کو تلف کیا جاچکا ہے۔ نئی وبا سے خطرہ اجاگر ہوا ہے کہ پرہجوم پولٹری فارمز خاص طور پر ایشیا کے ترقی پذیر علاقوں کے پولٹری فارمز سے نئی قسم کے برڈ فلو پھیل کر انسانوں میں منتقل ہوسکتے ہیں۔

جاپانی کابینہ کے چیف سیکرٹری یوشیدی سوگا کہتے ہیں کہ وبا کی مزید صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد ہم نے متاثرہ پولٹری فارمز کے ارد گرد کے علاقوں کو انفیکشن سے پاک کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں اور مرکزی شاہراہوں پر پرندوں کو تلف کرنے کے مراکز قائم کیے ہیں۔

جنوبی کوریا نے بھی اپنے ہاں برڈ فلو کا جان لیوا وائرسH5N6 پھیلنے کے بعد ہائی الرٹ کردیا ہے، جو کہ نئی قسم کا وائرس ہے جس کا آغاز 2014 میں چین سے ہوا۔

یہ ایک خطرناک وائرس ہے جو انسانوں میں پھیل سکتا ہے۔ اس کی وجہ سے کم از کم 9 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

جنوبی کوریا کی وزارت زراعت نے پولٹری فارمز اور چکن کی ٹرانسپورٹیشن پر ہفتے بھر کی پابندی کے باوجود منگل کو صوبہ جیونجی اور صوبہ ساؤتھ جیولا میں انتہائی مرض آور انفیکشن کے 41 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی ہے، جب کہ جمعے کو 6 کیسز سامنے آئے تھے۔

وہاں اب تک 17 لاکھ چکن اور بطخوں کو تلف کیا جاچکا ہے۔ حکام نے ہجرت کرکے آنے والے پرندوں کو اس وائرس کا سبب قرار دیا ہے۔

وزارت زراعت نے اپنے بیان میں کہا کہ وائرس اتنی تیزی سے پھیلا ہے کہ اس کی وجہ سے ممکنہ طور پر ملک کا مغربی حصہ اور پوری قوم متاثر ہوگی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ صوبائی حکومتوں کو ایمرجنسی سنٹرز کھولنے اور صحت و صفائی کے انتظامات بڑھانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

انفلوئنزا وائرسز کو ان کی سطح پر پائے جانے والے دو پروٹینز کی بنیاد پر ذیلی اقسام میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہیماگ گلوٹینن (H) کی 18 اور نیورامنیڈیز (N) کی 11 ذیلی اقسام ہیں۔ H1N1 اور H3N2 بنیادی ذیلی اقسام ہیں جو انسانوں کو متاثر کرتی ہیں۔ حتیٰ کہ ان ذیلی اقسام میں بھی سال بہ سال مختلف جراثیم گردش کرتے رہتے ہیں۔

ادھر یورپ میں بھی H5 برڈ فلو پھیلا ہوا ہے، جس کی وجہ سے جرمنی، سوئٹزر لینڈ اور نیدر لینڈز میں پرندوں کو بڑے پیمانے پر تلف کیا جارہا ہے۔ بھارت میں اس سال برڈ فلو کی وجہ سے ہونے والی پرندوں کی ہلاکت کے بعد دہلی چڑیا گھر کو بند کردیا گیا۔

تاہم عالمی انجمن صحت کا کہنا ہے کہ انسانوں کو زیادہ خطرہ لاحق نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ برڈ فل کے نئے کیسز سامنے آتے رہیں گے مگر یہ بیماری مزید پھیل کر انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہونے کا امکان نہیں۔

اس صورت میں یہ ہوتا ہے کہ فلو کا وائرس آبادی میں زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے اور بیماری وبائی مرض میں بدل جاتی ہے۔ تاحال H5N1 ابھی اس حد تک خطرہ کا باعث نہیں بنا۔
تازہ ترین