• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق کی مردم شماری 15مارچ سے شروع کرانے کی یقین دہانی

Federal Government Reminder To Begin March 15 Of Census
وفاقی حکومت نے مردم شماری 15مارچ سے شروع کرانے کی سپریم کورٹ کو تحریری یقین دہانی کرادی۔ چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ حکومت نے اپنی یقین دہانی پر من و عن عمل درآمد نہ کیا تو توہین عدالت کی مرتکب ہوگی ۔

سپریم کورٹ میں مردم شماری میں تاخیر سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس انورظہیرجمالی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی جس میں وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرادی ۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کوتحریری یقین دہانی کرائی کہ مردم شماری 15مارچ سے شروع ہوکر دو ماہ میں مکمل کرلی جائے گی۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس انورظہیرجمالی نے ریمارکس دئیے کہ امید ہے حکومت اپنی یقین دہانی پر عمل درآمد کرائے گی، عمل درآمد نہ کرنے کے سنگین نتائج مرتب ہوں گے ۔ حکومت نے اپنی دی گئی یقین دہانی پر من و عن عملدرآمد نہ کیا تو توہین عدالت کی مرتکب ہوگی ۔

گزشتہ سماعت پرسپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کوہدایت کی تھی حکومت آئندہ سماعت تک یہ بتائےکہ مردم شماری کب کرائےگی ، حکومت کی طرف سے جواب نہ آنےپروزیراعظم کوطلب کیاجائےگا ۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی طرف سے تحریری یقین دہانی کےبعد سپریم کورٹ نے مردم شماری ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا ۔
تازہ ترین