• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک ایشیا یو ایس اے ٹریڈ ایکسپو ہیوسٹن میں ہوگی

Pak Asia America Trade Expo Will Be Held In Houston
پاک ایشیا یو ایس اے ٹریڈ ایکسپو 13سے17دسمبر تک امریکی ریاست ٹیکساس کے شہرہیوسٹن میں ہوگی۔

ہیوسٹن کے معروف این آر جی سینٹر میں منعقد ہونے والی پاک ایشیا یو ایس اے ٹریڈ ایکسپو کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں ،اس تاریخی ٹریڈ ایکسپو میں پاکستان کی معروف مصنوعات بنانے والی 100 سے زائد کاروباری اور تجارتی کمپنیاں شرکت کریں گی جبکہ امریکہ میں کاروبار کرنے والے مختلف کمیونٹیز کے تاجر بھی بڑی تعداد میں اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لئے ایکسپو میں شرکت کریں گے۔

ایکسپو میں امریکا میں سرگرم 20 سے زائد چیمبرز کے نمائندے بھی خصوصی طور پر شرکت کریں گے، پاکستان چیمبر آف کامرس یو ایس اے کے صدر سید وسیم اختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 13 دسمبر کو ایکسپو کی افتتاحی تقریب میں اراکین کانگریس و سینیٹ‘ میئر ہیوسٹن سلوسٹر ٹرنر اور امریکا میں متعین متعدد ممالک کے قونصل جنرلز بھی شرکت کریں گے۔

انہوں نے ایک سوال پر کہاکہ ایکسپو میں ہینڈی کرافٹ‘ کچن ویئر‘ آلات جراحی‘ ملبوسات‘ ہوم ٹیکسٹائل جیولری‘ فرنیچر اور عروسی ملبوسات کے علاوہ چمڑے کی مصنوعات نمائش کے لئے رکھی جائیں گی اور امریکی اور پاکستانی تاجروں کے درمیان براہ راست رابطوں کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایکسپو میں 16 اور 17 دسمبر کو فیشن شو اور میوزیکل کنسرٹ منعقد ہو گا۔ فیشن شو میں پاکستان کے معروف اور نامور ڈیزائنرز بشمول دیپک پروانی‘ نازنین طارق‘ تسلیم صدف‘ رضوان علی جعفری‘ ہما عدنان‘ سنیتا مارشل‘ منیرا اور عامر‘ عظمیٰ بابر اور نبیتا ڈیوڈ خصوصی طور پر اپنے دیدہ زیب ملبوسات کی نمائش کریں گی جبکہ میوزیکل کنسرٹ میں پاکستان کے نامور فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ اپنی نوعیت کی یہ عظیم الشان ٹریڈ ایکسپو میں لوگوں کا داخلہ مفت ہو گا اور وہ قرعہ اندازی کے ذریعے ٹویوٹا کرولا کار جیتنے کا بھی موقع حاصل کر سکیں گے جبکہ قرعہ اندازی کے ذریعے شرکاء ایکسپو کے لئے لاتعداد انعامات بشمول ایئر ٹکٹس‘ ٹی یو اور آئی پیڈ بھی رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس پانچ روزہ نمائش میں 20 ہزار سے زائد افراد کی آمد متوقع ہے اور یہ نمائش پاکستان اور امریکاکے تاجروں کے درمیان موثر رابطوں اور کاروباری معاہدوں کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہو گی۔
تازہ ترین