• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نقل کی بیخ کنی کردی، مافیا کے کارندے سابقہ دور میں لاکھوں روپے کماتے تھے، ڈاکٹر سلیمان

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ہم کسی بھی دھمکی سے خوفزدہ نہیں ، اہم اقدامات کرکے پرائیوٹ امتحانات کو شفاف بنایا جارہا ہے تاکہ وفاقی جامعہ اردو کا وقار ملک بھر میں بلند ہو۔ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد نے ان خیالات کا اظہار جامعہ کے تحت ہونے والے بی اے ، بی کام پرائیوٹ امتحانات کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رجسٹرار آصف علی اور نگراں کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر کمال حیدر، ڈاکٹر اصغر دشتی بھی اس دورے میں ان کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد کا کہنا تھا کہ جامعہ اردو میں نقل کا مکمل خاتمہ کردیا جائیگا۔سابقہ دور میں نقل مافیا پرچے حل کرانے کی مد میں لاکھوں روپے کماتے تھے جس کی بیخ کنی کردی گئی ہے۔ اس سال نقل کی روک تھام کے لئے اہم اقدامات کئے گئے ہیں جسمیں شیخ الجامعہ، رجسٹرار اورنگراں کمیٹی کے امتحانی مراکز کے مسلسل دورے، نقل کرنے والے امیدواروں کو موقع پر ہی سزائیں دینا، طلبا ء کی تصویری شناخت،شناختی کارڈ کی لازمی موجودگی کو چیک کرنا ، بیرونی عناصر کے جامعہ میں داخلے پر پابندی، امتحان لینے والے افراد کے معاوضے میں اضافہ ، ویجیلینس کمیٹی اور اس کے ارکان کی تعداد میں اضافہ شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ اہم اقدام میں مارکس شیٹس پر امیدوار کی تصویر بھی لگائی جائے گی۔بی اے، بی کام کے پرائیوٹ امتحانات میں 12ہزار500طلبا ء و طالبات رجسٹرڈ ہیں جبکہ اب تک 50سے زائد طلباء و طالبات کے پرچے نقل کے باعث منسوخ کئے جاچکے ہیں۔
تازہ ترین