• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا:قاتلانہ حملے میں سعودی طالب علم شدید زخمی

Saudi Student Badly Injured In A Attack In Usa
امریکا کی ریاست کینٹکی میں نامعلوم افراد نے ایک سعودی طالب علم محمد زید الفضیل کو تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کردیا ۔

میڈیارپورٹس کے مطابق اس طالب علم کے والد ڈاکٹر زید نے اس حملے کی تصدیق کی اور بتایا کہ ان کے بیٹے پر کسی نے لاٹھی یا لوہے کے راڈ سے حملہ کیا تھا۔اس کی حالت سرجری کے بعد اب بہتر ہے۔

زید الفضیل اپنی کار میں جا رہا تھا،اس دوران نامعلوم افراد نے اس کو روکا اور اس کے سر میں آہنی آلے یا لاٹھی سے وار کیا تھا جس سے اس کا سر پھٹ گیا تھا اور اس میں ٹانکے لگے ہیں۔زخمی طالب علم امریکا کی ایک جامعہ میں زیر تعلیم ہے اور فنانشیل مینجمنٹ میں انڈر گریجوایٹ کورس کررہا ہے۔

ڈاکٹر زید کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے پر حملہ عربوں اور مسلمانوں کے خلاف نسلی تعصب کا شاخسانہ ہوسکتا ہے۔ کینٹکی کے باسیوں کی اکثریت نے نومبر میں منعقدہ صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں ووٹ دیا تھا۔اس کے بعد سے اس ریاست میں عربوں اور مسلمانوں کے خلاف نسل پرستی کی بنیاد پر حملوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔

ڈاکٹر زید کا کہنا تھا کہ اس حملے کی ایک اور ممکنہ وجہ بھی ہوسکتی ہے کہ حملہ کرنے والے ان کے بیٹے سے اس کی نئی کار چھیننا چاہتے تھے۔امریکا کے سکیورٹی حکام نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے اور واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے کے حکام بھی ان کی معاونت کررہے ہیں۔
تازہ ترین