• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں برفباری کا کئی برسوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

Broke The Record Of Several Years Of Snowfall In Quetta
وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کےشمالی علاقوں میں برفباری اوربارش کاسلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے،کوئٹہ میں برفباری سے کئی سالوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا،برف نے ہرشے کوسفید کردیا، کوئٹہ کااندرون صوبہ اور ملک کےدیگر علاقوں سے زمینی رابطہ بھی رکاوٹوں بھرا بن گیا۔

کوئٹہ میں ہرچیز برف میں چھپی ہے، ہر منظرپرسفیدی چھائی ہے، شہری کہتے ہیں اتنی برفباری زندگی میں نہیں دیکھی تاہم محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں برف پڑنے کا تقریباً بارہ سالوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، بارہ گھنٹوں میں ایک فٹ سے زیادہ برف پڑچکی ہے اور شہریوں کوتو جیسے کھیل و تفریح کا سامان مل گیا ۔

برفباری کو اہل کوئٹہ انجوائے تو کررہے ہیں مگر اس کےساتھ ہی کاروبار زندگی بھی متاثرہوگیا ہے،زیادہ تر دکانیں اور تجارتی مراکز بند ہیں،اگر رش ہے تو صرف اشیائے خوردونوش کی دکانوں اورہوٹلوں پرجہاں لوگ گرماگرم کھانوں سے گرتی برف کا مزا لے رہے ہیں ۔

کوئٹہ کےعلاوہ مستونگ، قلات، مسلم باغ، قلعہ سیف اللہ اور پشین میں بھی شدید برفباری جبکہ خاران، سبی، بولان مکران، نوشکی سمیت مختلف علاقوں میں بارش کاسلسلہ جاری ہے،برفباری سے کوئٹہ سے اندرون صوبہ اور ملک رابطہ سڑکیں بند ہوگئیںجس سے کئی مقامات پر درجنوں گاڑیاں پھنس گئیںاور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا،محکمہ موسمیات کےمطابق برفباری کا یہ سلسلہ سوموار کی صبح تک جاری رہےگا۔
تازہ ترین