اسلام آباد (اے پی پی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے نوجوان فاسٹ بولر محمد عامر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قومی ٹیم میں شمولیت سے بولنگ لائن اپ مضبوط ہو گی۔ محمد عامر نے پاکستان ڈومیسٹک اور بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس کارکردگی کی بناءپر ان کی ٹیم میں جگہ بنتی ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ محمدعامر نے جو غلطی کی اس کی وہ سزا بھگت چکے ہیں، وہ نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑی، امید ہے کہ انہوں نے اپنی غلطی سے سبق سیکھا ہو گا اور وہ مستقبل میں ایک بہتر کھلاڑی کی حیثیت سے جانے جائیں گے۔ محمدعامر ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ایک مثال ہیں۔ انہیں اب قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے بنا کر رکھنی ہو گی انہیں چاہیے کہ وہ اپنے رویے کو مزید بہتر بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سینئر کھلاڑی بھی محمد عامر پر شفقت کریں، وہ اپنی غلطی کی سزا بھگت چکے ہیں اب ان سے اختلاف درست نہیں۔ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث دیگر کھلاڑی سلمان بٹ اور محمد آصف بھی اگر اپنی کارکردگی اور فٹنس سے سلیکشن کمیٹی کو مطمئن کرتے ہیں تو ان پر بھی ضرور غور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں عامر کی ٹیم میں شمولیت سے قومی ٹیم کی بولنگ لائن مضبوط ہو گی ۔