• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاجروں نےآرمی چیف سے سندھ حکومت کی شکایت لگادی

Traders Complaints Sindh Government
اشرف خان...آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کراچی کے تاجروں وصنعت کاروں نے ملاقات کی ہے اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور سندھ حکومت کی شکایت بھی لگائی۔

تاجروں نے آرمی چیف کو بتایا کہ سندھ حکومت ذمے داری ٹھیک سے نہیں نبھارہی،کراچی کو گنداترین شہر بنادیا گیا ہے۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ تاجر اور صنعت کار ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے کراچی میں امن کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

صدر ایف پی سی سی آئی زبیر طفیل کے مطابق آرمی چیف کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی کو دہشت گردوں سے پاک کردیا جائے گا۔

اس سے قبل جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں کور اور رینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا وہاں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی میں بحال کیے جانے والے امن کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں حالات پھر سے معمول پر آ گئے ہیں، آپریشن سے دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں کمی آئی ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ کراچی میں امن برقرار رکھنے کی کوششیں اسی رفتار سے جاری رہیں گی، پاک فوج سندھ پولیس، سول انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں سے تعاون جاری رکھے گی۔
تازہ ترین