• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف شہروں میں حادثات ،خواتین سمیت کئی افراد زخمی

Accidents In Different Cities Including Women Several People
راولپنڈی کے علاقے تھانا وارث خان میں ہونے والی شادی کی تقریب میں فائرنگ کی گئی، پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے دوران سر میں گولی لگنے سے ایک پولیس اہل کار زخمی ہوگیا جسے تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

کراچی کے علاقے لیاری کی جھٹ پٹ مارکیٹ میں فلیٹ میں سلنڈر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آبادمیں شادی ہال کے باہر تعینات سیکیورٹی گارڈ سے مبینہ طور پر اتفاقیہ گولی چل گئی، جس سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔

فیصل آباد کے علاقے چوڑ مہاجرہ میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ ایک زخمی ہوگیا، پولیس کے مطابق زخمی شخص کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایس پی لائل پور ٹاؤن کے مطابق فائرنگ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کررہے ہیں، فائرنگ کرنے والوں کی نشاندہی کے بعد گرفتاریاں ہوں گی۔

اوکاڑہ کے نجی کالج میں ہونے والی بون فائر کی تقریب کے دوران 5 طالبات جھلس کر زخمی ہوگئیں،ذرائع کے مطابق 4 زخمی طالبات کو ابتدائی طبی امداد دے کر فارغ کردیا گیا ہے جبکہ زیادہ جھلسنےوالی ایک طالبہ کو سی ایم ایچ منتقل کیا گیا ہے،مذکورہ زخمی طالبہ آئی کام کی اسٹوڈنٹ بتائی جاتی ہے۔

ملتان کے علاقے چاہ جموں والامیں ایک گھرکی چھت گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر 5افراد زخمی ہوگئے،ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں،تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

حیدرآباد میں ایئرپورٹ کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے ،ایس ایچ او انورخانزادہ کے مطابق مقابلے میں 3ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے ان سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے،جبکہ ان سے موٹرسائیکل بھی قبضےمیں لے لی ہے۔

جلال پور بھٹیاںکے مختلف مقامات پر پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔

میانوالی کے علاقے کالاباغ روڈ پر ٹرک اور کار میں ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
تازہ ترین