• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روئی کی قیمت میں فی من 100 تا 200 روپے کا اضافہ

100 To 200 Rupees Price Hike In Cotton
مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران تیزی کا رجحان برقرار رہا، روئی کے بھاؤ میں فی من 100 تا 200 روپے کا اضافہ ہوا پھٹی اور بنولہ کا بھاؤ بھی 100 سے 150 روپے بڑھ گیا۔

حکومت کی جانب سے برآمد کنندگان کو 180 ارب روپے کے "مراعاتی پیکیج" کے اجرا بین الاقوامی کپاس مارکیٹوں میں کپاس کے بھاؤ میں استحکام مقامی طور پر روئی کی پیداوار میں اولین تخمینہ سے 33 لاکھ گانٹھوں کی نمایاں کمی کے باعث روئی کے بھاؤ میں اضافہ کا رجحان رہا۔

"مراعاتی پیکیج" کی وجہ سے ٹیکسٹائل و اسپننگ ملز نے کاٹن یارن کے بھائو بڑھادیئے لیکن ٹیکسٹائل مصنوعات کی مانگ میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے کے سبب کاروباری حجم کم رہا جسکی وجہ مارکیٹوں میں مالی بحران ہے، کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان کے مطابق کپاس کے کچھ برآمد کنندگان معاہدوں سے منحرف ہونے کی خبروں کی وجہ سےٹیکسٹائل اسپنرز اضطراب کا شکار ہیں۔

بھارت میں روئی کا بھاؤ بڑھنے کے سبب ٹیکسٹائل ملز امریکا اور افریقا سے روئی کے درآمدی معاہدے کر رہے ہیں، دریں اثنااپٹما کے اصرار پر ٹیرف کمیشن نے بھارت سے درآمد ہونے والے 55.5 کاؤنٹ سے اوپر کے فائن کاٹن یارن پر 4 مہینہ کے لئے درآمدی ڈیوٹی عائد کردی ہے جس سے مقامی ٹیکسٹائل اسپنرز کو فائدہ ہونے کی توقع ہے۔
تازہ ترین