• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالائی علاقوں میں خون جمادینے والی سردی کا سلسلہ جاری

Blood Freezing Cold Weather In The Northern Areas Continues
ملک کے بالائی علاقوں میں خون جمادینے والی سردی کا سلسلہ جاری ہے ، آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان کے پہاڑوں پربرفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی ۔

وادی ہنزہ میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی ۔ ملک کے بالائی علاقوں میں برف گرنے کا سلسلہ جاری ہے اور شدید ٹھنڈ پڑرہی ہے۔

استورکے میدانی اور بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز برف باری ہورہی ہے ، موسم سخت سرد ہوچلا ہے ، کئی آبشاریں جم گئیں ، پائپوں اور واٹر چینل پر برف کی تہیں جم جانے سے لوگوں کو پانی کے حصول میں شدید مشکلات کاسامنا ہے۔

دیامر اورغذر میں بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثرہے اور بعض بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے ۔

ہنزہ نگر میں موسم سرما کی پہلی برف باری نے ہر منظراوربھی دلکش بنا دیا تو وادی نیلم آزاد کشمیر میں بھی برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

لوئر دیر میں کڑاکے کی سردی کے باوجود سفیدی اوڑھے پہاڑوں کو دیکھنے اور برف سے لطف اندوز ہونے کیلئے مقامی لوگ بالائی علاقوں کا رخ بھی کررہے ہیں جبکہ چھٹی کا مزا دوبالا کرنے شہری بڑی تعداد میں ملکہ کوہسار مری پہنچے اور حسین نظاروں اور سرد موسم کا خوب لطف اٹھایا۔
تازہ ترین