• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ لوگ وزیراعظم کیخلاف ثبوت نہیں دے سکے: مصدق ملک

Pti Fail To Give Evidence Against Pm Musaddiq Malik
مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک کا کہنا ہے کہ آج عدالت کو دکھایا گیا کہ وزیراعظم کے کاغذات نامزدگی کے ساتھ مریم نواز کا ویلتھ اسٹیٹمنٹ لگا ہوا ہے، یہ لوگ وزیراعظم کے خلاف ثبوت نہیں دے سکے نہ ہی ثابت کرپائے کہ مریم نواز پر مقدمہ کیا ہے۔

انہوں نے دیگر ن لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ وزیراعظم کے ٹیکس کے کاغذات جمع کرادیئے گئے، کچھ نہیں نکلا ،کیپٹن صفدر کے کاغذات بھی جمع کرادیئے گئے اور کچھ نہیں نکلا ،مریم نواز، وزیراعظم اور مریم نواز کی دادی کے ویلتھ اسٹیٹمنٹ جمع کراچکے،تین نسلوں کے ویلتھ اسٹیٹمنٹ تک جمع کرادیئے گئے۔

مصدق ملک نے کہا کہ دبئی کی فیکٹری کے گلف اسٹیل کا سرکاری اجازت نامہ جمع کرادیا گیا،اس فیکٹری کے بنتے ہوئے اور بننے کےبعد کی تصاویر عدالت میں جمع کرادی گئیں،دبئی مل کی فروخت کے معاہدے کاکاغذ بھی جمع کرادیا گیا،نیلسن اور نیسکول کے ان کارپوریشن کے کاغذات تک جمع کرادیئے،2006ء سے پہلے لندن فلیٹ کی قطری خاندان کی ملکیت ثابت کرنے والے کاغذات جمع کرادیئے،عدالت کا جوبھی فیصلہ ہوگا ہمارے لیے قابل قبول ہوگا، ہمارا سر جھکا ہوا ملے گا۔

اس موقع پر ان کے ساتھ موجود دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عمران خان کی درخواست میں تو مریم نواز کا ذکر تک نہیں ان کے خلاف کوئی مطالبہ ہی نہیں اور یہ باہر آکر ہر پریس کانفرنس میں مریم نواز پر الزام لگاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الزامات تو درکنار مریم نواز کو کسی مقدمے میں شامل ہی نہیں کیا گیا،اب کیس جس مرحلے میں پہنچا ہے اس میں پاناما کا ذکر تک نہیں،کس پیرا گراف میں مریم نواز پر براہ راست الزام ہے یہ بتادیں،آج ان لوگوں کا حشر نشر ہوگیا، سر پکڑ کر بیٹھے تھے، شاید بلڈ پریشر یا شوگر لو ہوگئی،آئی پی پیز کے جن بلوں کا ذکر کیا وہ ہماری حکومت کے نہیں تھے وہ گزشتہ حکومت کے تھے۔

دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی ساکھ بچانے کے لیے نئی پتلی گلی تلاش کررہے ہیں، آج باہر آکر ان کو جان کے لالے پڑے ہوئے تھے، مریم نواز کی کس طرح کردار کشی کی گئی لیکن آج دیکھا تو مریم نواز کا نام تک نہیں تھا، جھوٹ پکڑے جانے پر شرمندہ ہونے کے بجائے وہ مزید جھوٹ بولنے لگے ہیں،جو شخص مانتا ہی نہیں، ایسے رویے کو کیا کہہ سکتے ہیں، ایسے شخص کے لیے الیکشن کمیشن نے غلیظ کا لفظ لکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انوکھا لاڈلہ کھلن کو مانگے چاند، پتہ نہیں ستر، پچہتر سال عمر ہوگئی ہے،ان کی زد سے کوئی بچ نہیں سکتا کہ یہ اسے گالیاں نہ دیں اور چار چھوکرے اکٹھے کرکے سینہ زوری کریں،ان کے اپنے صوبے میں آئینہ نظر آتا ہے، ڈیڑھ سال سے احتساب کمشنر کا ڈی جی تعینات نہیں کیا، جہانگیر ترین سند یافتہ کرپٹ ہے،عمران خان اتنا گھاک اور شاطر، کہ اپنا کالا دھن اور آف شور کمپنی چھپائی رکھی اور دوسروں کو گالیاں دیتے رہے ۔

دانیال عزیز نے مزید کہا کہ عمران خان سے چھٹی بار کہا گیا ہےکہ منی ٹریل دو،اپنی جان پر بنی ہوئی ہے، عمران خان تمہیں تلاشی دینی ہوگی، نہ ان کے الزام میں کچھ ہے، نہ ان کی اپیل میں کچھ ہے،اپنی کھڑی ہوئی دیوار ان کے اپنے اوپر گررہی ہے، اب ان کا بھانڈا پھوٹنے لگا ہے،آج مریم نواز کے وکیل پہلی مرتبہ بولے ہیں، مریم نواز کا کسی پٹیشن میں نام تک نہیں۔
تازہ ترین