• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کی ملیر ندی میں تجاوزات قائم کیے جانے کا انکشاف

Encroachments In Malir Stream Disclosed
افضل ندیم ڈوگر...کراچی کی ملیر ندی میں آبی گزرگاہ پر تجاوزات قائم کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، دو ہفتے سےشاہ فیصل کالونی کے قریب پلاٹ پر غیر قانونی تعمیراتی کام جاری ہے۔

غیر قانونی تعمیرات کے ڈی اے کے انسداد تجاوزات کے ذمے دار افسر کے گھر کے برابر ہو رہی ہیں، علاقہ پولیس ملیر ندی میں غیرقانونی تعمیرات سے بے خبر ہے، جبکہ علاقہ مکینوں نے غیرقانوی تعمیرات کے خلاف احتجاج کیا ہے۔

’جیو نیوز‘ نے جب کے ڈی اے کے افسر جمیل بلوچ سے بات کی جن کے گھر کے برابر میں غیر قانونی تعمیرات ہو رہی ہیں تو بھید یہ کھلا کہ یہ تعمیرات وہ خود کرا رہے ہیں۔

کے ڈی اے افسر جمیل بلوچ نے اعتراف کیا کہ ملیر ندی کی 60 ایکڑ اراضی زرعی استعمال میں لے رکھی ہے، لینڈ مافیا کے خلاف لڑرہا ہوں، جس کے باعث دھمکیوں کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لینڈ مافیا والے حملہ کرسکتے ہیں، اس لیے اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی حفاظت کے لیے اراضی کے گرد دیوار بنا رہے ہیں۔

دوسری طرف علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ صرف دیوار نہیں، بلکہ غیر قانونی تعمیرات کی جارہی ہیں۔

چیئرمین ڈی ایم سی کورنگی نیّر رضا نے ملیر ندی میں غیر قانونی تعمیرات کا نوٹس لیتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات روکنے کے لیے دو اضلاع کی پولیس کو خط لکھ دیا ۔

نیّر رضا نے ڈپٹی کمشنر کورنگی اور ڈپٹی کمشنر ملیر سے بھی کارروائی کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکام فوری ایکشن لیں، مستقبل میں ملیر ایکسپریس وے کا منصوبہ متاثر ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا آبی گزرگاہوں میں تجاوزات کے حوالے سے فیصلہ موجود ہے، اینٹی انکروچمنٹ اور کے ڈی اے ان تجاوزات کو روکے، متعلقہ حکام نے کوئی کارروائی نہ کی تو ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔
تازہ ترین