• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کئی امریکی ریاستوں میں ٹرمپ کیخلاف ہزاروں افراد کا احتجاج

Thousands Of Peoples Protest Against Trump In Several Us States
واشنگٹن اورنیویارک سمیت کئی امریکی ریا ستوں میں صدر ٹرمپ کے خلاف ہزاروں افراد نے احتجاج کیا۔ ’پریزیڈنٹ ڈے‘ کو مظاہرین نے ’ناٹ مائی پریزیڈنٹ ڈے‘ کے طور پر منایا ۔

نیویارک میں ہزاروں افراد نے ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل کے قریب کولمبس سرکل پر مظاہرہ کیا ۔کل امریکا میں وفاقی حکومت کی جانب سے چھٹی تھی کیونکہ اس دن کو "پریزیڈنٹ ڈے" کے طور پر منایا جاتا ہے تاہم مظاہرین نے اسے "ناٹ مائی پریزیڈنٹ ڈے" کے طور پر منایا ۔

نیویارک کے علاوہ لاس اینجلس، شکاگو ، اٹلانٹا اور واشنگٹن میں بھی صدر ٹرمپ کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی پالیسیاں ملک کو نقصان پہنچارہی ہیں ۔

لندن میں صدر ٹرمپ کے مجوزہ دورہ برطانیہ کے خلاف ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر تعصب کے خلاف نعرے درج تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کے دورے کے لیے اتنی جلد ی کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ برطانیہ بڑا بے تاب ہے کیونکہ وہ یورپی یونین سے نکل رہا ہے اور چاہتا ہے کہ نئے تجارتی پارٹنر تلاش کرے ۔

لندن ہی میں برطانوی پارلیمنٹ کے باہر سیکڑوں افراد نے تارکین وطن کے حق میں مظاہرہ کیا ۔ اس مظاہرے کا مقصد حکام پر یہ ظاہر کرنا تھا کہ تارکین وطن کے بغیر برطانیہ کیسا ہوگا؟ اور برطانیہ کی ترقی میں پناہ گزینوں اور تارکین وطن افراد کے کردار کو اجاگر کرنا تھا ۔

میکسیکو سٹی میں امریکی سفارت خانے کے قریب بھی ایک مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرین نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو نفرت انگیز قرار دیتے ہوئے دیوار کی تعمیر کی مخالفت کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ دیوار کی نہیں بلکہ پلوں کو تعمیر کرنے کی ضرورت ہے ۔ امریکی اور میکسیکن عوام مل کر اپنے ممالک کو مزید مضبوط بناسکتے ہیں ۔
تازہ ترین