• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تنزانیہ کو برآمدات کا حجم170ملین ڈالرز ہوگیا،پاکستا نی ہائی کمشنر

Volume Of Export To Tanzania Reaches To 170 Million Dollars Pakistani High Commissioner
داراسلام تنزانیہ سے عرفان صدیقی ...پاکستان اور تنزانیہ کے تعلقات میں دفاعی اور معاشی شعبے میں زبردست اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کا ثبوت تنزانیہ کو کی جانے والی برآمدات کا حجم 170ملین ڈالرز تک جا پہنچنا ہے۔

تنزانیہ میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر عمران احمد کا روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہےکہ گزشتہ سال پاکستان سے تنزانیہ کو کی جانیوالی برآمدات کا حجم ایک سو اکیس ملین ڈالر سے بڑھ کر ایک سو ستر ملین ڈالر تک پہنچ گیا ہے جبکہ دفاعی شعبے میں بھی پاکستان کی تنزانیہ سے جنگی جہازوں کے پرزہ جات فروخت کرنے پر بات چیت جا ری ہے۔

اس موقع پر ویلفیئر ایسوسی ایشن آف پاکستان تنزانیہ کے چیئرمین شیخ اکبر ، ایسو سی ایشن کے صدر دائود چٹھہ ، جنرل سیکریٹری ہشام ذوہیب چٹھہ اور سینئر پاکستانی شاہجہاں خان اور ایسوسی ایشن کی اسکول کمیٹی کے چیئرمین شکیل انصاری بھی موجود تھے۔

عمران احمد کا مزید کہنا ہے کہ تنزانیہ میں ڈھائی ہزار پاکستانی مقیم ہیں جو ایک کامیاب کاروباری کمیونٹی کے طور پر جانے جاتے ہیں جبکہ ان کی بدولت ہی مقامی حکومت نے ایک سرکاری اسکول کا نام تبدیل کرکے پاکستان سے منسوب کردیا ہے جوہم سب کےلئے بہت بڑی کامیابی ہے ، اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر داؤد چٹھہ نے کہا کہ سینئر پاکستانی شکیل انصاری اور دیگر کمیونٹی ارکان سے مل کر مقامی سرکاری اسکول کے لیے دس ہزار ڈالر سے زائد کا فنڈ جمع کیا ہے تاکہ اسکول کو نئی شکل دی جاسکے۔

ہماری انہی کوششوں کے اعتراف میں یہاں کی مقامی حکومت نے اس اسکول کو پاکستان سے منسوب کردیا ہے جو پاکستانی کمیونٹی کی بہت بڑی کامیابی ہے ، اس موقع پر قائم مقام ہائی کمشنر عمران احمد نےکہا کہ تنزانیہ کا سفارتخانہ پاکستان میں نہ ہونے کے سبب دونوں ممالک کے تعلقات کو اس سطح پر نہیں لے جایا جاسکا جہاں یہ ہونے چاہیے تھے تاہم حکومت پاکستان کی کوششوں سے جلد ہی دونوں ممالک کے تعلقات مزید بہتری آئے گی۔
تازہ ترین