• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگردی کے باوجود پاکستانی معیشت عروج پر ہے،امریکی اخبار

Beyond The Terrorism Pakistans Economy Is On The Rise
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے باوجود پاکستان کی معیشت عروج کی جانب گامزن ہے،چند ماہ میں پاکستان ابھرتی معیشت کا باضابطہ درجہ پانے کے بعد عالمی سرمایے کی 10 فیصد نمائندگی کرنے والے23 ممالک میں شامل ہو جائے گا ۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی شہ سرخیوں کے باجود پاکستان کی معیشت عروج کی جانب گامزن ہے،2016ء میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ ایشیا کی سب سے بہترین اسٹاک مارکیٹ رہی، جس کا انڈیکس ایک سال میں 52 فیصد بڑھتے ہوئے 50 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا،2017ء میں پاکستان کی شرح ترقی بڑھتی ہوئی 5 اعشاریہ 2 فی صد ہو جائے گی۔

اخبارکے مطابق اگر ٹرمپ انتظامیہ دہشت گردی کے خدشے میں ہی پھنسی رہی تو پاکستان میں سرمایہ کاری کا ایک غیر معمولی موقع کھو دے گی۔

اخبار کے مطابق مئی میں دنیا کا سب سے بڑی انڈیکس پرووائیڈر کمپنی ایم ایس سی آئی پاکستان کو امرجنگ مارکیٹ انڈیکس کا درجہ دے دے گی، اس سے پہلے دنیا کی صرف 23 اسٹاک مارکیٹوں کو یہ درجہ حاصل ہے،پاکستان میں متوسط طبقے کی تعداد ملکی آبادی کے نصف تک پہنچ چکی ہے،2030ء تک یہ مڈل کلاس ایک کھرب ڈالر سالانہ اخراجات کے قابل ہو چکی ہو گی۔

مڈل کلاس کے اسی پیسے کی بدولت پاکستان میں نیسلے اور پراکٹر اینڈ گیمبل جیسی ملٹی نیشنل کنزیومر کمپنیوں کا منافع 25 فیصد سالانہ تک پہنچ چکا ہے، ملک میں سیمنٹ، اسٹیل اور گاڑیوں کی فروخت بڑھ رہی ہے۔

دنیا کی 4 تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں کے لیے وارپ کا نام وضع کیا گیا ہے، وی اے آر پی میں ویت نام، ارجنٹائن، رومانیہ اور پاکستان شامل ہیں۔

پاک چین اقتصادی راہ داری کے تحت 46 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا بڑا حصہ بجلی کی پیداوار پر خرچ کیا جائے گا، جو ملکی معیشت کی ترقی کو مزید تیز کر دے گا۔
تازہ ترین