• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پونے ٹیسٹ: بھارت 105رنز پر ڈھیر، آسٹریلیا کو 298رنز کی برتری

India All Out On 105 And Australia Takes 298 Run Lead At Pune Test
عالمی نمبر ایک اور گھر کی شیر بھارتی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کےخلاف افتتاحی ٹیسٹ کے دوسرے روز تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔ میزبان سائیڈ نے جو جال مہمانوں کو پھنسانے کیلئے بناتھا وہ خود اس میں الجھ کر رہ گئی۔

اسپنر اسٹیو او کیف نے وہ منتر پڑھا کہ ہوم ٹیم چکرا کر رہ گئی اور صرف 105 پر ہی غش کھا کر گر پڑی۔ میزبان بھارتی ٹیم محض 105 رنز پر ہی آؤٹ ہو گئی۔یہ بھارتی کرکٹ کا کینگروز کیخلاف اپنی سرزمین پر دوسرا ،جبکہ مجموعی طور پر پانچواں کم ترین اسکور ہے۔ بھارت کا کینگروز کے خلاف ٹیسٹ اننگز میں کم ترین اسکور 58 رنز ہے۔ بھارت نے ایک موقع پر3 وکٹ گنوائے ،اس کے بعد او کیف نے صفائی کرنا شروع کی اور بھارت نے محض نے 11رنز کا اضافہ کر کے7 وکٹ گنوادیے۔ او کیف نے 24گیندوں میں6 وکٹ حاصل کئے۔

آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنا لئے اور اسے 298رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ اسٹیون اسمتھ 59 اور مچل مارش 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں، ایشون نے 3 اور جیانتھ یادو نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

قبل ازیں کینگروز اپنی پہلی اننگز میں صرف 4 رنز کا اضافہ کرکے 260پر آل آئوٹ ہوگئے تھے۔ امیش یادیو نے4، ایشون نے 3اور روندرا جدیجا نے2 وکٹیں حاصل کیں۔ جوابی بیٹنگ میں بھارت کی پہلی وکٹ 26 پر گری۔ مرلی وجے 10 رنز بناکر جوش ہیزل ووڈ کا نشانہ بن گئے۔ 44 کے مجموعی اسکور پر مچل اسٹارک نے ایک ہی اوور میں چیتشوار پجارا کو6 اور ویرات کوہلی کو صفر پر آؤٹ کرکے سنسنی پھیلادی۔

کھانے کے وقفے کے بعد لیفٹ آرم اسپنر اسٹیو اوکیف نے بھارتی بیٹنگ کی صفیں الٹ دیں ۔ لوکیش راہول 64، اجنکیا رہانے 13، ردھیمن ساہا صفر، ایشون ایک، جیانت یادیو2، روندرا جدیجا 2 اور امیش یادیو4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ مچل اسٹارک نے 2 جبکہ جوش ہیزل ووڈ اور نیتھن لائن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی انٹرنیشنل میچوں کی 105 اننگز میں 933 دنوں بعد پہلی بار صفر پر آئوٹ ہوئے۔اس سے قبل وہ 2014 میں کارڈیف کے مقام میں ون ڈے میچ میں صفر پر آئوٹ ہوئے تھے۔
تازہ ترین