• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد یونائیٹڈ کا کراچی کنگز کو جیت کیلئے124رنز کا ہدف

Islamabad United Set 124 Run Target For Karachi Kings
اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کی ٹیم کو میچ جیتنے کے لئے 124رنز کا ہدف دیا ہے،پاکستان سپر لیگ کا آخری لیگ میچ جو بارش سے متاثرہے15اوورز فی اننگ تک محدود کر دیا گیا ہے،اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں7وکٹوں کے نقصان پر123رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے کراچی کنگز کی دعوت پر پر اعتماد انداز میں بیٹنگ شروع کی ،ڈیوائن اسمتھ اور بین ڈکٹ نے37رنز کی بنیاد فراہم کی،بین ڈکٹ اس مجموعے پر16رنز بنا کرسہیل خان کا شکار بنے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا مجموعہ جب57رنز پر پہنچا توحسین طلعت11رنز بنا کرڈیوائن اسمتھ کا ساتھ چھوڑ گئے،وہ عماد وسیم کی اچھی تھرو پروکٹ کیپر سنگاکا کے ہاتھوں رن آئوٹ ہو ئے۔تیسری گرنے والی وکٹ جو شین واٹسن کی تھی جلد گر گئی انہوں نے صرف2رنز بنائے ،شین واٹسن سہیل خان کا دوسرا شکار بنے،اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ کو مجموعہ61رنز تھا۔

ڈیوائن اسمتھ نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جا ری رکھا ،بد قسمتی سے وہ ایک رن کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے ان کی اننگ میں7چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔بریڈ ہیڈن نے بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا انہوں نے برق رفتار20رنز کی اننگ کھیلی،ڈیوائن اسمتھ اور بریڈ ہیڈن کو عثمان خان نے آئوٹ کیا۔مصباح الحق،12،شاداب خان9رنز بنا کر قابل ذکر رہے۔

لاہور قلندرز کے خلاف میچ کے ہیروکراچی کنگز کے بیٹسمین پولارڈ نے آج عمدہ فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہو ئے4کیچ پکڑے،کراچی کنگز کے سہیل خان اور عثمان خان اور محمد عامر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان سپر لیگ کے آخری لیگ میچ کا نتیجہ لاہورقلندرز کے لئے بھی اہمیت کا حامل ہے اور کراچی کی بڑے مارجن سے شکست لاہور قلندرز کی ٹیم کو اگلے مرحلے میں پہنچا سکتی ہے۔اسلام آباد کی ٹیم پر اس میچ کے نتیجے کو ئی اثر نہیں پڑے گا وہ پہلے ہی اگلے مر حلے کیلئے کوالی فائی کر چکی ہے۔
تازہ ترین