• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام تسلی کرلیں کہ گھر آنیوالا مردم شماری کا عملہ ہی ہے، آصف باجوہ

Public Should Check If Man Coming Home Is From Census Staff Asif Bajwa
چیف کمشنر شماریات آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ کل سے مردم شماری کے لیے آنے والے ہر خاندان کا علیحدہ علیحدہ اندراج ہو گا، عوام تسلی کرلیں کہ گھر آنے والامردم شماری کا عملہ ہی ہے۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے عملے نے ہرے کلر کی جیکٹ پہنی ہوئی ہے، گلے میں کارڈ ہے، عملے کے ساتھ ایک فوجی اور ایک پولیس اہلکار بھی ہے۔

چیف شماریات آصف باجوہ کہتے ہیں کہ مردم شماری کافارم تبدیل نہیں ہوگا،عملہ فیلڈ میں جا چکا، معذور افراد اور خواجہ سراؤں کا فارم میں اب ذکر نہیں کرسکتے، زبانی ہدایات دے دی ہیں ، امید ہے کچھ ڈیٹا مل جائےگا۔

چیف شماریات آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ فوج کی کم وقت کے لیے دستیابی کے باعث اہم سرویز مؤخر کردیےگئے ہیں ،فارم میں تبدیلی ابھی مشکل ہے کہ فیلڈ میں فارم ابھی جا چکے ہیں، کام شروع ہو چکا ہے، سپریم کورٹ نے بھی یہ بات تسلیم کی ہے کہ اس وقت یہ فارم تبدیل کرنا مشکل ہے، کوڈز کے مطابق ہدایات جاری کردی ہیں امید ہے کہ کچھ نہ کچھ ڈیٹا ہمارے پاس آ جائے گا۔

چیف شماریات نے بتایاہے کہ میرے پاس ٹائم نہیں تھا، جو فوج ملی ہے وہ ایک بلاک کے لیے 10دن کیلئے دستیاب ہے، جبکہ پچھلی دفعہ ایک بلاک کیلئے 15 دنوں کے لیے فوج دستیاب تھی۔

ایک سوال کےجواب میں چیف شماریات کاکہناتھاکہ سیاسی جماعتیں مردم شماری کے خلاف نہیں تاہم اس کے طریقہ کارپراعتراضا ت اٹھائے جارہےہیں۔

آصف باجوہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں جتنی بھی بلندعمارتیں ہیں ان میں ہراپارٹمنٹ کے باہر نمبر لگا ہوا ہے، گراؤنڈ پلس ٹو ایک گھر ہے کثیرالمنزلہ عمارت نہیں،بلاک بڑا ہونے کی شکایات آ رہی ہیں، تربیت یافتہ عملے کو ایسے علاقوں میں بھیج رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنسل سے فارم بھرنے کی اجازت نہیں ہے،مردم شماری کے دوران پنسل سے فارم بھرنے پر سخت ایکشن لیا جائے گا، عملے کو فارم بال پین یا مارکر سے بھرنے کا کہا گیا ہے، ہم نے اپنے اسٹاف کو پنسل دی ہی نہیں، بال پین فراہم کیا گیا ہے۔

چیف کمشنر شماریات کا کہنا تھا کہ مرد شماری فارم میں تین مزید خانوں کا اضافہ کیا ہے،خانہ نمبر 4معذور مرد، خانہ نمبر 5معذور عورت اور خانہ نمبر6مخنس کے لیے مختص کیا ہے۔
تازہ ترین