• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین: یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب اور محفل مشاعرہ

Ceremony Held In Barcelona On Pakistans Independence Day
شفقت علی رضا...یوم پاکستان کے حوالے سے بارسلونا کے نواحی علاقے بادالونا میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مقامی شاعروں سمیت امریکا سے آئی ہوئی مہمان شاعرہ ریحانہ قمر نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی چوہدری امانت حسین مہرتھے،تقریب کی نظامت کے فرائض ایس اے رضا نے ادا کئے جبکہ معروف گلوکار جمی شیخ نے ملی نغمہ پیش کیا۔

مہمان شاعرہ ریحانہ قمر نے اپنا خوبصورت کلام پیش کر کے داد وصول کی، ان کا کہنا تھا کہ گلے شکوے کی بجائے یہ سوچنا چاہیے کہ ہم نے آج تک اپنے وطن کو کیا دیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی چوہدری امانت حسین مہر نے کہا کہ یوم پاکستان کی مناسبت سے اس طرح کے پروگرامز کا انعقاد ہماری زبان اور کلچر کیلئے بہت مفید ہے۔

ہسپانوی اسمبلی کے سابق امیدوار محمد اقبال چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قراردادپاکستان کی منظوری ہی سب سے بڑی کامیابی تھی کیونکہ جس کے بعد ہی ہم آزاد پاکستان حاصل کر سکے،پاکستان کے ساتھ ساتھ اسپین بھی ہمارے لیے دوسرا گھر ہے جہاں کی قدریں اور قوانین ہمارے لیے اتنی ہی محترم ہیں جتنی کہ ہمارے لیے پاکستان کی تہذیب اور کلچر ہے۔

دیگر مقررین سعید شاہ، سلطانہ اصغر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اپنے وطن سے ہزاروں میل دور بیٹھ کر تمام لسانی، فروعی اور مسلکی اختلافات کو بھلا کر سب کا ملکر بیٹھنا ہی نظریہ پاکستان کی عکاسی ہے۔

سوشلسٹ پارٹی اسپین کے سیکریٹری امیگریشن امور ہائبر نے پاکستانی برادری کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی جبکہ تقریب کے آرگنائزرز چوہدری شاہد لطیف گجر اور حافظ عبدالرزاق صادق نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں سماجی خدمات کے حوالے سے مختلف شخصیات کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں جن میں چوہدری امتیاز آکیہ، چوہدری امانت حسین مہر، ریحانہ قمر، حافظ عبدالرزاق صادق ،چوہدری شاہد لطیف گجر ،ارشاد اللہ بھٹی، چوہدری احمد خان، سعید شاہ، محمد اقبال چوہدری،چوہدری یاسر اقبال گجر، سلطانہ اصغر، میاں ممتاز دانش، امجد ڈار، راجو الیگزینڈر، شفقت علی رضا اور جوزفین کرسٹیناشامل تھے۔

مشاعرے میں امریکا ، انگلینڈ اور فرانس سمیت بارسلونا سے کثیر تعداد میں سیاسی و سماجی نمایندوںاور دیگر افراد نے شرکت کی۔
تازہ ترین