• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلوی میڈیا نے کوہلی کو کھیلوں کا ٹرمپ قرار دیدیا

Australian Media Declared Kohli As Trump Of The Games
آسٹریلوی میڈیا نے بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی کو کھیلوں کا ٹرمپ قرار دیدیا،جس پر بھارتی میڈیا بھی تلملا گیا ،بھارتی اسٹار امیتابھ بچن بھی درمیان میں کود پڑےاور کہا کہ آسٹریلوی میڈیا نے مان لیا کہ کوہلی ونر ہے۔

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان چار ٹیسٹ پر مشتمل سریز ایک ایک سے برابر ایک طرف میدان میں دونوں ٹیمیں نبرد آزما ہیں تو دوسری جانب دونوں ممالک کے میڈیا کے درمیان بھی سنسنی خیز سریز چل رہی ہے۔

آسٹریلوی میڈیا نے ویرات کوہلی کو جارح مزاج، کامیاب اور بدتمیز قراردیا اور کہا کہ وہ کھیلوں کی دنیا کے ٹرمپ ہیں۔

سابق بھارتی کرکٹرز نے ویرات کی دھونی کے برعکس جارحانہ کپتانی ،لڑنے جھگڑنے کی حکمت عملی کو آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ سے ملادیا ۔

لیکن یہ حقیقت ہے کہ کوہلی کپتان بننے کے چکر میں بعض اوقات بدتمیزی پر اتر آتے ہیں،ویرات کوہلی کی ان ہی حرکتوں کی وجہ سے آسٹریلین میڈیا نے انہیں اسپورٹس کی دنیا کا ڈونلڈ ٹرمپ قرار دے دیا۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی بھی ٹرمپ کی طرح اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار میڈیا کو ٹھہراتے ہیں، آسٹریلین میڈیا کے ان ریمارکس پر بھارتی میڈیا بھی تلملا گیا۔

بھارت کے موجودہ اور سابق کرکٹرز ویرات کوہلی کی حمایت میں آگئے،یہاں تک کے بگ بی امیتابھ بچن نے بھی ویرات کوہلی کے حق میں ٹوئٹ کردیا ۔وہ کہتے ہیں آسٹریلین میڈیا نے مان لیا کہ ویرات ونر ہیں اسی لئے انہیں ٹرمپ سے ملایا۔

بات کچھ بھی ہو آسٹریلین میڈیا نے ویرات کوہلی کو پریشر میں لے لیا ہے ،شاید یہی وجہ ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف3 ٹیسٹ میں صرف 46 رنز بناسکے ہیں ۔

سیریز تو ایک ایک سے برابر ہے لیکن کل سے شروع ہونے والے آخری ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم سخت دباؤ میں آچکی ہے،اگر بھارت سیریز ہارا تو کوہلی کو بھی اپنی کچھ عادات کو بدلنا پڑ سکتا ہے۔
تازہ ترین