• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حقانی کے مضمون سے ریاستی اداروں کے مؤقف کی تائید ہوگئی، آئی ایس پی آر

Views Of Haqqani Vindicate Stance Of National Institutions Ispr
ترجمان پاک فوج میجرجنرل آصف غفور نے امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے مضمون پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ریاستی اداروں کے مؤقف کی تائید ہوگئی۔

حسین حقانی کی جانب سے امریکیوں کو ویزے کے اجراء کے معاملے پر پاک فوج نے بیان جاری کر دیا، جس میں حسین حقانی کو ویزوں کے اجراء کا ذمے دار قرار دے دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ ویزا معاملے پر پاکستانی ریاستی اداروں کا مؤقف درست ثابت ہو گیا، حقانی کے کردار سے متعلق تشویش کی بھی تصدیق ہوگئی۔

حسین حقانی کا اپنے مضمون میں کہنا ہے کہ اصل معاملے سے توجہ نہ ہٹائی جائے، ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ سامنے لائی جائے۔

سال 2011ء میں میمو گیٹ نے امریکا میں پاکستانی سفیر حسین حقانی کو موضوع بحث بنایا، جس میں ان پر امریکی مفادت کے لیے کام کرنے، امریکیوں کو بغیر کلیئرنس ویزوں کے اجراء اور پاکستان کے سیکیورٹی اداروں کو بدنام کرنے کا الزام تھا، یہ معاملہ ٹھپ ہوا مگر بازگشت جاری رہی۔

دس مارچ 2017ء کو امریکی جریدے واشنگٹن پوسٹ میں حسین حقانی کی تحریر نے ملک میں ایک نئی بحث چھیڑ دی، ایک بار پھر اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن کے لیے پاکستان آنے والے امریکیوں کو ویزوں کے اجراء کا معاملہ اٹھا، وہ ویزے جو مبینہ طور پر سیکیورٹی اداروں کی کلیئرنس کے بغیر جاری کیے گئے۔

امریکا میں سابق سفیر حسین حقانی اس معاملے پر اپنا دفاع کرتے رہے، مگر اس دوران وزیر اعظم ہاؤس سے جاری شدہ جولائی 2010ء کا وہ خط منظر عام پر آگیا جس میں حکومت نے پاکستانی سفیر کو ایک سال کے لیے امریکیوں کو ویزے جاری کرنے کا صوابدیدی اختیار دیا تھا۔

حسین حقانی کا جواب آیا کہ ویزے انہوں نے جاری ضرور کیے مگر ڈیفنس اتاشی کی منظوری کے بعد، معاملہ پارلیمان پہنچا تو قومی اسمبلی اور سینیٹ سے معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا مطالبہ بھی سامنے آ گیا۔

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے معاملے کی تحقیقات کے ساتھ ساتھ اسامہ بن لادن کی پاکستان میں موجودگی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

ادھر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے گزشتہ روز نیوز کانفرنس میں بتایا کہ پاکستانی سفیر کو ویزے سے متعلق دیئے گئے اختیارات 2014ء میں واپس لیے گئے، آج پاک فوج نے اس معاملے پر بیان جاری کر دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ ویزہ معاملے پر حسین حقانی کی جانب سے امریکی اخبار میں لکھے گئے مضمون سے پاکستانی ریاستی اداروں کا مؤقف درست ثابت ہو گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق مذکورہ مضمون سے ویزہ معاملے میں حسین حقانی کا کردار ثابت ہو گیا۔
تازہ ترین