• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جے یو آئی کا 100سالہ اجتماع ،امام کعبہ نے نمازجمعہ پڑھائی

Juis 100 Year Congregation Imam Kaaba Leads Jumma Prayer
نوشہرہ میں جمعیت علمائے اسلام کے صد سالہ یوم تاسیس کی تقریبات جاری ہیں، اجتماع میں آج امام کعبہ نے نمازجمعہ پڑھائی اور خطبہ بھی دیا ۔

اجتماع کی پہلی نشست میں امام کعبہ صالح بن ابراہیم نے جمعہ کاخطبہ دیا، امام کعبہ کا کہنا تھا کہ دین میں فساد پھیلانے والے وہی ہیں جنہوں نے دین میں انتشار پیداکیا،مسلمان اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھیں، انہوں نے نماز جمعہ کی امامت بھی کرائی۔

اس سے قبل سعودی وزیر برائے مذہبی امورصالح عبدالعزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب بھائی بھائی ہیں، پاک سعودی اتحاد اسلام کی فتح ہے۔

جمعیت علمائے اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمان نے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ اسلام مسلمانوں کا نہیں پوری انسانیت کا مذہب ہے، مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل حل کرنے کے لیے جدوجہد کی جائے، پڑوسی ممالک سے تعلقات مزید بہتر بنانا ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کسی گروہ یا طبقے کو دہشت گردی کے نام پرانتقامی کارروائی کا نشانہ نہ بنایاجائے، نسلی، قومی، علاقائی اور فرقہ وارانہ انتہاپسندی کی حوصلہ شکنی کی جائے۔

فضل الرحمان نےاپنے خطاب میں برادرملک چین سے بہترتعلقات پر بھی زوردیتے ہوئے کہا کہ چین سے دوستی اورمعاشی ترقی کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک میں سود کو مکمل ختم کرکے تجارت اور بینکاری کے نظام کو اسلامی اصولوں پر استوار کیا جائے۔

انہوں نے اقلیتوں کو دستور کے مطابق تحفظ فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔

تین روزہ عالمی اجتماع کے موقع پر اضاخیل میں 2 ہزار پولیس اہل کار تعینات کیے گئے ہیں، بم ڈسپوزل یونٹ اور پولیس کمانڈوز بھی سیکیورٹی پر مامور ہیں، جمعیت علمائے اسلام ف کے رضا کار بھی سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

اجتماع میں شرکت کرنے والوں کے لیے 3 داخلی راستے بنائے گئے ہیں جبکہ گاڑیوں کیلئے 4 پارکنگ زون ہیں۔

اجتماع تقریباً 10 ہزار ایکڑ رقبے پر منعقد ہورہا ہے، کارکنوں کے کھانے، پینے اور قیام کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، اجتماع گاہ کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جارہی ہے۔
تازہ ترین