• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کی مشال کے اہل خانہ کو انصاف کی یقین دہانی

Imran Khan Ensure Justice For The Families Of Mishal Khan
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان صوابی میں عبدالولی خان یونیورسٹی میں قتل ہونے والے طالب علم مشال خان کے گھر گئے اور ان کے خاندان سے تعزیت کی ۔ انہوں نے مقتول کے والد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائیں گے۔

صوابی میں مشال خان کے والد محمد اقبال سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ وہ مقتول مشال خان کے خاندان کو یقین دہانی کرانے آئے ہیں کہ انصاف کے لئے آخر تک جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قتل کی سازش کرنے اور تشدد میں ملوث افراد کو ایسی سزا دلوائیں گے کہ آئندہ کسی کو توہین رسالت کا الزام لگاکر مخالف کو قتل کرنے کی جرات نہ ہو۔

عمران خان نے کہا کہ مشال کے ساتھ جو سلوک ہوا، ایسا جانوروں کے ساتھ بھی نہیں ہوتا، اگر سازش اور تشدد کرنے والے پی ٹی آئی کے بھی ہوں تو انہیں نہیں چھوڑیں گے، نماز جنازہ پڑھانے سے انکار کرنے والوں کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

اس موقع پر مقتول کے والد محمد اقبال نے یونیورسٹی کو مشال خان کے نام سے منسوب کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ انصاف ملنا چاہئے تاکہ کسی دوسرے مشال کی زندگی بچ جائے۔
تازہ ترین