• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش میں رہنے کے باوجود دل پاکستان میں دھڑکتا ہے ، شبنم

My Heart Still In Pakistan Despite Living In Bangladesh Shabnam
ماضی کی عظیم اداکارہ شبنم کی کراچی آمد کے موقع پر آرٹس کونسل اسپیشل ایونٹ کمیٹی کی جانب سے اوپن ائیر میں ایک یادگار تقریب منعقد کی گئی ۔

اعتراف کمال کے عنوان سے منعقدہ تقریب کو چیئرمین اسپیشل ایونٹ کمیٹی شیخ راشد عالم اور انکی کمیٹی نے آرٹس کونسل کی چند بڑی تقریبات میں سے منفرد اور یادگاربنا دیا۔ اوپن ایئر آڈیٹوریم مہمانوں ، فنکاروں، تخلیق کاروں ،کراچی کی نامور شخصیات اور فلمسٹار شبنم کے چاہنے والوں سےکھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔

آرٹس کونسل میں ہونے والی اسپیشل ایونٹ کمیٹی کی یہ تقریب اس حوالے سے قابل ذکر ٹھہری کہ اس میں فلم اسٹار شبنم کی یادگار فلموں کی ’’شوریل‘‘مختلف وقفے سے حاضرین کو دکھائی جاتی رہی اور ان پر پکچرائز ہونے والے گانوں پر نئے فنکاروں نے پرفارم بھی کیا جبکہ سویرا علی، نائیلہ، نعمان اور دیگر گلوکاروں نے شبنم اور ندیم پر پکچرائز ہونے والے نغمات لائیوبھی سنائے۔

اداکارہ شبنم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میرے بنگلہ دیش میںرہنے کے باوجود میرا دل پاکستان میں دھڑکتا ہے کیونکہ پاکستانی بڑے مہمان نواز اور فنکاروں کی قدر کرنے والے لوگ ہیں۔پاکستانی مداحوں نے ہمیشہ مجھے پیاار دیا ہے اورآج بھی ان کا بے پناہ پیار سمیٹ کر جا رہی ہوں۔

شبنم نے مزید کہا کہ میں نے پاکستان کی فلم انڈسٹری میں سنہرے اور یادگار دن گزارے ہیں، جنہیں میں کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ پاکستان کی فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے جب بھی میری خدمات درکار ہوں گی میں حاضر ہوجائوں گی کیونکہ مجھے جو کچھ بھی نام اور مقام ملا ہے وہ پاکستان کی فلم انڈسٹری کی بدولت ہے۔

انہوں نے آرٹس کونسل کے اسپیشل ایونٹ کمیٹی کے چیئرمین شیخ راشد عالم کا بطور خاص شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس محبت اور پیار کا آج مجھے اپنے بے پناہ چاہنے والوں سے ملوایا ہے میں انہیں لفظوں میں بیان نہیں کرسکتی۔ پاکستان فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے اطہر جاوید صوفی اور عبدالوسیع قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اداکارہ شبنم نے کہا کہ ان شخصیات کی بدولت مجھے کراچی کے عوام سے براہ راست مخاطب ہونے کا موقع ملتارہا ہے اوریہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے میری فلموں کو کامیاب بنا کر مجھے شبنم بنایا ہے۔

اس موقع پر شبنم نے فلم انڈسٹری میں ندیم بیگ کے ساتھ گزرے ہوئے یادگار واقعات بھی سنائے۔ فلم اسٹار ندیم بیگ نے کہا کہ شبنم کے ساتھ میں نے درجنوں فلموں میں کام کیا ہے۔ شبنم وقت کی پابند اور اپنے کردار میں ڈوب کر کام کرنے والی اداکارہ ہیں، شبنم کی صلاحیتوں سے فلم انڈسٹری کو اب بھی فائدہ اٹھانا چاہئے۔

مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ جب ندیم شبنم کے ساتھ ہیرو آتے تھے تو مجھے بڑی جیلسی ہوتی تھی ۔مصطفیٰ قریشی نے کہا شبنم آج بھی پاکستانی ہے اور ان کی شناخت بھی پاکستان ہی ہے۔ ہدایت کار سید نور نے شبنم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میری لکھی ہوئی درجنوں فلموں میں اداکاری کی اور کردار کو حقیقت تک پہنچایا۔

ٹی وی فنکارہ بشریٰ انصاری اور بیگم سلمیٰ وحید مراد نے کہا کہ شبنم ہماری فلم انڈسٹری کے اچھے دور کی یادگار ہیں۔ آرٹس کونسل کی اسپیشل ایونٹس کمیٹی کے چیئرمین شیخ راشد عالم نے کہا کہ اداکارہ شبنم کے اعزاز میں اعتراف کمال کی تقریب منعقد کرکے خود آرٹس کونسل کا قد بھی بلند ہوا ہے۔
تازہ ترین