• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کردیا

Asif Zardari Condemns Supreme Court Decision
سابق صدر آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری نظر میں وزیراعظم کو اخلاقی طور پر استعفے دےدینا چاہیے، جو سپریم کورٹ نہ کر سکی وہ کیا وزیراعظم کے ماتحت لگے ہوئے 19 گریڈ کے افسر کر سکیں گے۔

انہوں نے پاناما کیس کے فیصلے کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ نواز شریف کا بیان کیا تھانے میں لیا جائے گا یا افسران پی ایم ہاؤس جاکر لیں گے،پیپلز پارٹی اور قوم کو ان ججز سے کبھی انصاف نہیں ملا ہے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے عمران خان سے کہا تھا کہ ہمارے ساتھ آؤ، قانون بنا کر سپریم کورٹ چلتے ہیں لیکن انہوں نے ہماری بات نہیں مانی، نا تجربہ کار ہیں، انہیں نہیں پتہ یہاں ججز کیسے انصاف چلاتے ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ آج پاکستان میں انصاف اور جمہوریت کا نقصان ہوا ہے اور پاکستانی عوام کو دھوکا دے کر بے وقوف بنایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو بات ہمارے سامنے آئی ہے اس پر ہمارا یہ تجزیہ ہے کہ سینئر ججوں نے بہترین فیصلہ دیا ہے تاہم جونیئر ججوں کی اکثریت نے عوام سے مذاق کیا ہے،دو سینئر ججوں نےکہہ دیا ہے کہ نوازشریف صادق اورامین نہیں رہے۔

شریک چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ آج دنیا کو پتہ ہے کہ نواز شریف ، شریف نہیں ہیں ، اگر پاکستان نواز شریف کے ہاتھ میں محفوظ نہیں تو عمران خان کے ہاتھ میں بھی محفوظ نہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان سے مایوس ہوا، میری نظر میں تو عمران خان نے نواز شریف کو بچالیا،اگر اعتزاز احسن عدالت میں کھڑے ہوکر دلیل دیتے تو کوئی اور بات ہوتی۔

آصف علی زرداری نے امید کا اظہار کیا کہ مولانا فضل الرحمان سے بھی توقع کرتے ہیں کہ نواز شریف کو چھوڑ کر ہمارے پاس آجائیں گے۔
تازہ ترین