• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے بعد شہریار، نجم سیٹھی واپس

Shaharyar Khan And Najam Sethi Returns To Lahore From Icc Meeting
آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے بعد شہریار خان، نجم سیٹھی اور سبحان احمد دبئی سے لاہور واپس پہنچ گئے ہیں۔ لاہور ایئر پورٹ پر پی سی بی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ستمبر میں پاکستان میں انٹرنیشنل ٹیم کی آمد متوقع ہے۔

شہریار خان ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کئے بغیر سخت سیکیورٹی میں روانہ ہو گئے۔ شہریار خان کی طرف سےآج پریس کانفرنس متوقع ہے، جس میں وہ آئی سی سی اجلاس کی روداد بیان کریں گے۔ شہریار خان نے دبئی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ اجلاس میں بگ تھری کا خاتمہ ہوا ہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی سےکہا ہے، زبردست کھلاڑی بھیجیں، ایسی ٹیم نہ بھیجیں کہ عمران خان کہہ دے کہ پھٹیچر ٹیم بھیج دی ہے۔ اجلاس میں آئی سی سی کے فنڈز کی منصفانہ تقسیم پر بات ہوئی اور فنڈز کا زیادہ حصہ بھارت کو دینے کی بجائے برابری کی بنیاد پر تقسیم ہوگا۔

ایئرپورٹ پر صحافی نے سوال کیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کب پاکستان آئے گی۔ اس کے جواب میں نجم سیٹھی نے کہا کہ پہلے کچھ ٹیمیں آئیں گی اور پھر آہستہ آہستہ دیگر ٹیمیں بھی آنا شروع ہوجائیں گی۔

انہوں نے یہ کہا کہ پی ایس ایل کی تیاریاں جاری ہیں اور چھٹی ٹیم آئے گی۔ بنگلادیش ہمارے ساتھ کرکٹ کھیلنا چاہتا ہے، ان پر واضح کیا ہے کہ آئیں پاکستان آکر کھیلیں اور وہ اگر نہیں آئیں گے تو ہم نہیں کھیلیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکا اور بنگلادیش کے کرکٹ بورڈ بھارت کے قریب ہیں۔ دونوں ملکوں کے بورڈز کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ بھارتی بورڈ کا 200ملین ڈالرز کے قریب حصہ کم ہوا، پاکستان اور دیگر ممالک کےحصے میں اضافہ ہوا اور انگلینڈ کے حصے میں کوئی فرق نہیں پڑا ہے۔

صحافی کے ایک اور سوال کیا کہ عمران خان نےجو بیان دیا ہے، اس حوالے سے کیا کہیں گے، جس پر نجم سیٹھی نے عمران خان کے سیاسی بیان پر ردعمل دینے سے گریز کیا اور کہا کہ سیاسی بات نہیں کروں گا۔
تازہ ترین