• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چکن گنیا: بڑی تعداد میں کیسز سامنے آنے پر شہری پریشان

Chikungunya Large Case Reporting Raises Concerns Of Citizens
شہر میں بڑی تعداد میں چکن گنیا کے کیسز سامنے آنے پر عوام پریشانی و خوف کا شکار ہیں۔ ہلکے بخار اور جسم میں معمولی درد کو بھی چکن گنیا سمجھا جارہا ہے اور بڑی تعداد میں اسپتالوں سے رجوع کیا جارہا ہے۔

عوام میں ایک عام تاثر یہ بھی پایا جارہا ہے کہ چکن گنیا سے بچاؤ کے لئے کوئی خاص انجیکشن، ویکسین اور اینٹی بائیوٹک موجود ہے جو لگانے سے اس مرض سے نجات مل سکتی ہے ،جبکہ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ یہ ایک وائرل مرض ہے جو متاثرہ شخص کی قوت مدافعت کے مطابق 5سے 7دن میں ٹھیک ہو جاتی ہے ،اس لئے عوام کو چاہیے کہ خوف کا شکار نہ ہوں۔

انڈس اسپتال کے شعبہ انفیکشیئس ڈیزیز کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر نسیم صلاح الدین نےبتایا کہ بخار کے ساتھ انڈس اسپتال آنے والے تقریباً تمام مریض یہی سمجھ رہے ہیں کہ انہیں چکن گنیا ہو گیا ہے اور وہ خوف کا شکار نظر آتے ہیں حالانکہ انہیں معمولی بخار ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چکن گنیا کی علامات میں تیز بخار، جوڑوں میں درد، سر درد، جوڑوں کی سوزش، جلد پر لال دھبے پڑنا، پٹھوں میں درد،الٹی آناودیگر شامل ہیں۔

اس کے علاج کےلئے کوئی خاص اینٹی وائرل ڈرگ اورویکسین موجود نہیں ہے۔ اس سے متاثرہ مریض پانی کا زیادہ استعمال کریں، آرام کریں، صرف بخار دور کرنے کی دوا استعمال کریں، درد کی دوائیں نہ استعمال کریں اور ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
تازہ ترین