• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائیکل پر دفتر جائیں،کینسر سے محفوظ رہیں

+3
تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ سائیکل چلانے سے جلد مرنے کا امکان 40 فیصد اور کینسر میں مبتلا ہونے کا امکان 45 فیصد کم ہوجاتا ہے۔ اسی طرح روزانہ سائیکل پر دفتر جانے سے امراض قلب کا خطرہ آدھا ہوجاتا ہے۔

گلاسگو یونی ورسٹی کی یہ تحقیق پانچ سال تک ہوئی جس میں ڈھائی لاکھ سے زیادہ افراد کی صحت کا ریکارڈ مرتب کیا گیا۔تحقیق میں شامل لوگوں کی عمر آغاز میں اوسطا 52 سال تھی۔

تحقیق کے دوران سائیکل چلانے والے لوگوں میں سے 37 افراد کا انتقال ہوا۔ تاہم محققین نے کہا کہ نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ اگر یہ تمام افراد گاڑی یا پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرتے تو 63 افراد کا انتقال ہوتا۔ تحقیق کے نتائج مرد و عورت دونوں کے لیے یکساں طور پر درست ثابت ہوئے۔

برطانیہ میں تقریبا 20لاکھ بالغ افراد میں سے صرف چار فیصد ہی روزانہ سائیکل پر کام پر جاتے ہیں۔

گلاسگو یونی ورسٹی میں ادارہ امراض قلب و میڈیکل سائنسز کے ڈاکٹر جیسن گل نے کہا کہ حکومت سائیکل کے سفر کو زیادہ محفوظ اور مقبول بنانے کے لیے مزید اقدامات کرے۔ کام پر جاتے ہوئے سارا یا کچھ رستہ سائیکل کے ذریعے طے کرنے سےخرابی صحت کا امکان بہت زیادہ کم ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی پالیسی بنانی چاہئیں جن سے لوگوں کیلئے سائیکل کا سفر کرنا آسان ہوجائے مثلا سائیکل لین بنائی جائے۔ کرائے پر دی جائیں۔ قیمتیں کم کرنے کے لیے سبسڈی دی جائے اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سائیکل لانے لے جانے کیلئے زیادہ جگہ دی جائے۔ اس سے عوامی صحت کو بہتر بنانے کے لیے زیادہ مواقع حاصل ہوسکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیدل کام پر جانا بھی صحت کے لیے بہت مفید ہے، اگرچہ اس سے وہ فوائد حاصل نہیں ہوتے جو سائیکل چلانے سے ہوتے ہیں۔ پیدل چلنے سے امراض قلب کا خطرہ 27 فیصد اور ان امراض سے جلد مرنے کا امکان 36 فیصد کم ہوجاتا ہے۔ پیدل کام پر جانے سے مرنے کا خطرہ مجموعی طور پر 27 فیصد کم ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق پیدل کام پر جانے والے لوگوں کو تین میل فی گھنٹہ رفتار کے حساب سے ہفتے میں مزید دو گھنٹے کی چہل قدمی اور کرنی ہوگی تاکہ صحت کے پورے فوائد حاصل کیے جاسکیں۔

برٹش میڈیکل جرنل میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے ماہرین نے کہا کہ پیدل چلنے والوں کے مقابلے میں سائیکل سواروں کو زیادہ فائدہ ہونے کی ایک وجہ شاید یہ ہو کہ راہ گیروں کی بہ نسبت سائیکل سوار زیادہ فاصلہ طے کرتے ہیں۔ سائیکلنگ زیادہ طاقتور مشق ہے اور سائیکل سوار عموما زیادہ فٹ ہوتے ہیں۔
تازہ ترین