• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Raza Kachehlo Appointed As Pakistans Media Manager For Champions Trophy 2017
رضا کچلو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017ء میں پاکستان ٹیم کے میڈیا منیجر کے فرائض انجام دیں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز میں میڈیا منیجرکی خدمات سے محروم ہے،دورے کے دوران ٹیم کے لئے یہ ذمہ داریاں سوشل میڈیا کے منیجر عون زیدی نے ادا کیں،البتہ اب پاکستان کرکٹ بورڈ کے جنرل منیجر میڈیا رضا کچلو کو انگلینڈ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،جو یکم جون سے شروع ہونے والی چیمپینز ٹرافی کے دوران قومی ٹیم کے میڈیا منیجر ہوںگے۔

گزشتہ سال دورہ انگلینڈ میں رضا ون ڈے اور واحد ٹی 20میچ کے دوران بھی ٹیم پاکستان کے میڈیا منیجر تھے۔

رضا کچلو کا شمار پی سی بی میڈیا ڈپارٹمنٹ کے سینئر افسران میں ہوتا ہے،2016ء میں رضا کچلو بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹی 20میں آئی سی سی میڈیا منیجر کی حیثیت میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔متعددغیر ملکی دوروں پر ٹیم پاکستان کے ساتھ جانے والے رضا انڈر 19ورلڈ کپ ،چیمپئنز لیگ اور پاکستان سوپر لیگ کے دوران بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکڑ میڈیا امجد بھٹی بھی چیمپئنز ٹرافی کے دوران انگلینڈ جائیں گے۔اس بارے میں امجد حسین بھٹی کا کہنا ہے کہ 4جون کو برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ پر پاک بھارت میچ کی اہمیت سے سب بخوبی واقف ہیں۔

گزشتہ سال دورہ انگلینڈ میں امجد بھٹی نے دو ٹیسٹ کے دوران میڈیا منیجر کے فرائض انجام دئیے تھے،اس بار ٹیم کے ساتھ نہ جانے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت ڈائریکڑ میڈیا پاک بھارت میچ کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے رضا کچلو کو ٹیم کے ہمراہ بھیجنے کا مقصد یہ ہے کہ ٹیم اور باقی معاملات کو الگ انداز میں احسن طریقے سے انجام دینا ہماری ترجیح ہے۔

امجد حسین بھٹی نے مزید کہا کہ پاکستان کے صف اوّل کے صحافی نجم سیٹھی کی موجودگی میں میڈیا کے معاملات کو پی سی بی کی سطح پر بہتر سے بہتر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں صرف اخبارات کے صحافی ہوا کرتے تھے،اب جدید دور ہے،الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ سوشل میڈیا خاصا متحرک ہے،ہر گھنٹے میں ہیڈ لائن تبدیل ہوتی ہے،بریکنگ نیوز کا دور ہے،ایسے میں پی سی بی میڈیا ڈپارٹمنٹ صحافیوں کے ساتھ بہتر تعلقات اور انہیں اہم معاملات میں باخبر رکھنے کے اپنے طریقہ کار کو مزید مؤثر اور بہتر کرنے کی کوشش جاری رکھے گا۔
تازہ ترین