• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے وکیل نے عالمی عدالت میں کیس اچھی طرح پیش کیا، سرتاج

Our Lawyers Have A Case In The International Court Of Well Sartaj
مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ہمارے وکیل نے عالمی عدالت میں کیس اچھی طرح پیش کیا، پوری تیاری سے پیش کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کیسز میں اپیل پر حکم امتناع مل جاتا ہے، عبوری فیصلے میں حکم امتناع کوئی اتنی بڑی بات نہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کے مطالبات عالمی عدالت میں مان لیے گئے، حکومت ایک طرح سے سکتے میں چلی گئی ہے، ہم نے دائرہ اختیار چیلنج کیا تھا لیکن عالمی عدالت نے اسے مسترد کردیا۔

وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان نے عالمی عدالت میں بہترین انداز میں کیس لڑا، عالمی عدالت میں کلبھوشن کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سمیت سب کو قومی مفاد کے فیصلے پر متحد ہونا چاہیے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ قومی سلامتی سب سے مقدم ہے، کلبھوشن کیس میں کوئی بھی فیصلہ بیرونی دباؤ کے بجائے قومی سلامتی کو دیکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

عالمی عدالت کے فیصلے کے بعد برطانوی نشریاتی ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ صرف ایک عبوری فیصلہ ہے اور اس سے کسی کی جیت یا ہار کے بارے میں نہیں کہا جا سکتا۔

انھوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو اپنی سزا کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں بھی کر سکتا ہے اور صدر کے پاس بھی، ویسے بھی ابھی اسے پھانسی نہیں دی جا رہی تھی۔

خواجہ آصف نے پاک بھارت اعتماد سازی کے لیے کسی مرحلے پر کلبھوشن یادیو کی بھارت کو حوالگی کے امکان کو رد کر دیا اور کہا کہ کلبھوشن کے لیے کسی ریلیف کا کوئی امکان نہیں۔
تازہ ترین