• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب: ملٹری انڈسٹریز کے نام سے نئی کمپنی بنانے کا فیصلہ

Saudi Arabia Creates New Military Industries Firm
سعودی حکومت نے ’سعودی ملٹری انڈسٹریز‘ کے نام سے ایک نئی کمپنی قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جو ملک میں فوجی مصنوعات کی تیاری کے لیے آزادانہ طور پر کام کرسکے گی۔

سعودی عرب کے پبلک انوسٹمنٹ فنڈ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ فوجی مصنوعات کی تیاری کے لیے نئی کمپنی مملکت کے ’ویژن 2030 ‘ کا حصہ ہے۔

ملٹری انڈسٹری کمپنی کے قیام سے سعودی عرب فوجی سازو سامان کی تیاری اور عالمی معیار کے مطابق فوجی اشیاء بنانے میں خود کفیل ہوسکے گا۔پبلک انوسٹمنٹ فنڈ کی جانب سے دیگر محکموں کے ساتھ مل کر نئی فوجی انڈسٹری کمپنی کیلئے اقدامات شروع کردئیے ہیں۔

کمپنی کے قیام کے لیے ضروری تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔سعودی حکام کے مطابق ویژن 2030 پر عمل درآمد کرتے ہوئے سعودی ملٹری انڈسٹری کو اگلے چند برسوں کے دوران فوجی سازو سامان تیار کرنے والی 25 بین الاقوامی کمپنیوں میں شامل کرنا ہے۔

سعودی عرب پہلے بھی فوجی سامان کی تیاری میں اہم شریک رہا ہے مگر اب مقامی سطح پر فوجی صنعت کے فروغ کے ذریعے مملکت کو دنیا میں ایک نیا مقام دلانا ہے۔

شہزادہ محمد بن سلمان کے مطابق ملٹری انڈسٹری کمپنی عسکری مصنوعات کی تیاری کے لیے کام کرنے والی بڑی کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کرے گی اور بڑے بڑے منصبوں میں حصہ لے گی۔ سعودی عرب میں فوجی صنعت کے فروغ سے درآمدات وبرآمدات میں اضافہ اور بیرون ملک سے مملکت میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔
تازہ ترین