• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے پُل ٹگ کی تعمیر کی بنیاد

+3
پاک بحریہ کے لیے تعمیر کئے جانے والے32ٹن کے بولارڈ پُل ٹگ کی بنیاد رکھنے کی تقریب جمعہ کو کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی ۔

وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (پراجیکٹس) اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

پُل ٹگ کی لمبائی 34 میٹر ہے اور وزن 481ٹن ہے جبکہ رفتار 12 ناٹس ہے۔ اس ٹگ میں مضبوط فینڈرِنگ ارینجمنٹ نصب کی جائے گا جو ہر سائز کے جہاز کو کھینچنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے اس اہم سنگِ میل کے حصول کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ 32ٹن کے اس ٹگ کی تعمیر پاک بحریہ کی جہاز سازی کی صنعت میں خود انحصاری کے وژن کی عکاس ہے۔

انہوں نے اس مقصد کے حصول کے لیے وزارتِ دفاعی پیداوار کی مکمل معاونت اور کراچی شپ یارڈکی انتھک محنت کو بھی سراہا۔

وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی نے کہا کہ جہاز سازی میں خود انحصاری کے وژن کے تحت پاک بحریہ نئے جہازوں کو بحری بیڑے میں شامل کررہی ہے اور تسلسل کے ساتھ کراچی شپ یارڈ کو جہاز وں کی تعمیر کے کنٹریکٹ دے رہی ہے۔ اس سے نہ صرف پاک بحریہ کو درکار جہازوقت پر تیار کیے جاسکیں گے بلکہ اس سے پاکستان کی جہاز سازی کی صنعت کو بھی ترقی دی جاسکے گی۔

قبل ازیں ، رئیر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ ، مینجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ 2014 میں بھی اسی طرز کی ایک ٹگ پاک بحریہ کے حوالے کی گئی تھی جوگرانقدر خدمات سر انجام دے رہی ہے۔

انہوں نے شپ یارڈمیں جاری منصوبوں کا ایک مجموعی جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ شپ یارڈ فی الوقت جہاز سازی کےنو منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن میں پاک بحریہ کے لیے فلِیٹ ٹینکر، پاکستان مَیری ٹائم ایجنسی کے لیے مَیری ٹائم پٹرول و یسلز، فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل)، پاک بحریہ کے لیے کثیرالمقاصد بارج اور پاکستان آرمی کے لیے برِج اِریکشن بوٹس شامل ہیں ۔
تازہ ترین