• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران بیرونی دنیا سے تعلقات چاہتا ہے، حسن روحانی

Iran Wants Relations With The Outside World Rohani
صدارتی انتخابات میں دوسری مدت کے لئے فتح یاب ہونے والے اعتدال پسند ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران کے عوام نے انتہاپسندی کو مسترد کردیا ہے،وہ بیرونی دنیا سے تعلقات بنانا چاہتے ہیں۔

تہران میں صدارتی انتخابات کے نتائج کے بعد اپنے پہلے خطاب میں حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی عوام نے دکھا دیا ہے کہ وہ دنیا سے بات چیت جاری رکھنے کے راستے پر گامزن رہنا چاہتے ہیں جو کہ انتہا پسندی اور تشدد سے دور ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن اب ختم ہو گئے ہیں، میں ملک کا صدر ہوں اورایران کے عوام سے مدد چاہتا ہوں، خواہ انہوں نے مجھے ووٹ دیا ہو یا نہیں۔

صدارتی الیکشن کے نتائج کے مطابق حسن روحانی کو کل ووٹوں میں سے 58 فیصد سے زائد ووٹ ملے ہیں، جس سے انہیں ایک بار پھر موقع ملا ہے کہ اپنی پالیسیاں جاری رکھیں اور ملک کے معاشی حالات کی بہتری کے لیے کام کرتے رہیں۔

اس بار الیکشن میں ووٹ ڈالنے والوں کے تناسب میں واضح اضافہ دیکھا گیا اور 70 فیصد ایرانیوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جس میں سے 2 کروڑ30 لاکھ ووٹ حسن روحانی کے حق میں ڈالے گئے۔

ان کے مرکزی حریف ابراہیم رئیسی کو 38اعشاریہ5 فیصد یعنی ایک کروڑ 57 لاکھ ووٹ ملے، انتخاب میں حسن روحانی خارجہ پالیسی کے نعرے پر ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ،سرکاری ٹی وی نے ان کو دوسری بار صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

68 سالہ موجودہ صدر حسن روحانی اعتدال پسند عالم ہیں جنہوں نے 2015 ءمیں عالمی رہنماں سے جوہری معاہدے پر بات چیت کی تھی اور اہم معاہدہ طے پایا، لیکن اس معاہدے کے ثمرات ابھی تک عوام تک نہیں پہنچ سکے ہیں۔
تازہ ترین