• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیم پاکستان کا چیمپئنز ٹرافی کے لئے برمنگھم میں قیام

Establishment Of The Pakistan Team For The Champions Trophy In Birmingham
ہفتے کی دوپہر لندن سے بذریعہ کار برمنگھم کے لئے سفر شروع کیا تو ہلکی بارش ہو رہی تھی،آدھے راستے میں بارش تھوڑی تیز ہوگئی،لیکن کہتے ہیں ،موسم کے معاملے میں انگلینڈ پہنچ کر اعتبار کے دامن کو چھوڑ دینا مناسب اقدام ہوا کرتا ہے۔

برمنگھم پہنچ کر اس بات کی صداقت کا کسی حد تک اندازہ ہوا،جہاں آسمان پر نیلہ رنگ قبضہ کئے ہوئے تھا،اور سورج اپنی پوری آب وتاب کیساتھ چمک رہا تھا۔

ہوٹل میں سامان رکھتے ہی میری اگلی منزل ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ تھا،جہاں پہنچ کر اس وقت اچھا احساس محسوس کیا،جب آئی سی سی کا ایکریڈٹیشن آفس کھلا دیکھا،ضابطے کی کارروائی کے بعد گلے میں ایکریڈٹیشن کارڈ ڈالے گاڑی میں بڑے سکون کیساتھ بیٹھا تومعلوم چلا ٹیم پاکستان آج کی پریکٹس ختم کر کے ہوٹل جا چکی ہے۔

البتہ برمنگھم میں اس بار قومی ٹیم کو اس ہوٹل میں نہیں ٹھہرایا گیا ہے،جہاں گذشتہ سال دورہ انگلینڈ کے دوران قومی ٹیم کو ٹھہرایا گیا تھا۔

سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیم 16مئی کو برمنگھم پہنچی ہے،تاہم موسم کی غیر یقینی اور بارش کی آنکھ مچولی کے سبب پاکستان ٹیم بیشتر وقت ایجبسٹن کے انڈور پریکٹس سیکشن میں مصروف رہنے پر مجبور ہے۔برمنگھم کا موسم قدرے ٹھنڈا ہے۔

لندن کے بعد انگلینڈ کے دوسرے سب سے بڑے شہر برمنگھم میں چیمپئنز ٹرافی کا بڑا مقابلہ 4جون کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ہے۔ اتوارکو ہونے والے اس میچ کے ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں،کیا کہا ایک ٹکٹ جی اس کا بھی دور دور تک کوئی امکان نہیں ہے۔

برمنگھم میں ایشیائی باشندوں کی بڑی تعداد قیام پذیر ہے۔امکان ہے ایجبسٹن میں دونوں ٹیموں کے حامی بڑی تعداد میں بڑے مقابلے میں اپنی ٹیموں کو سپورٹ کرنے آئیں گے،جس کے لئے وہ ٹکٹ پہلے ہی خرید کر محفوظ کر چکے ہیں۔

گذشتہ سال پاکستان ٹیم نے ایجبسٹن میں جو ٹیسٹ کھیلا تھا،وہاں اسے میزبان ٹیم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔البتہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ہوں یا کوچ مکی آرتھر دونوں ہی بھارت کے میچ کو لے کر پریشان ہونے کے بجائے ،اچھی اور مثبت کرکٹ کھیلنے کی بات کر رہے ہیں۔

یاد رہے ایجبسٹن میں روایتی حریف بھارت کے خلاف بڑے میچ سے قبل ٹیم پاکستان کو وارم اپ میچ 27مئی کو بنگلہ دیش اور 29مئی کو ورلڈ چیمپئن آسڑیلیا کے خلاف کھیلنے ہیں ۔
تازہ ترین