• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر ناروےکی پارلیمنٹ میں قرار داد پیش

Resolution Tabled In Norwegian Parliament On Kashmirs Situation
ناروےمیں کرسچن ڈیموکریٹک پارٹی کے پارلیمانی رہنما ،کشمیر پارلیمانی گروپ کے چیئرمین اور خارجہ تعلقات کمیٹی کے رکن کنوٹ اریلڈ ہریدے نے پارلیمنٹ میں ایک قراداد پیش کی ہے جس میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورت حال کو انتہائی کشید ہ اور مسئلہ کشمیر کو ایک سنگین اور حل طلب تنازع قراردیا گیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قراردادمیں کہا گیا ہے کہ تنازع کشمیر دوایٹمی ممالک پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک ایسا مسئلہ ہے جو کسی بھی وقت خطے میں ایٹمی جنگ کا سبب بن سکتاہے۔

کشمیر کا شمار ان خطوں میں ہوتاہے جہاں سب سے زیادہ تعداد میںفوج تعینات ہے اوریہ صورت حال عالمی سلامتی کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔کنوٹ اریلڈ ہریدے نے ناروے کے وزیرخارجہ بورگے برندے سے استفسار کیا کہ وہ پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کی میز پر لانے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے کیا کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے تجویز دی کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے زیادہ سرگرم کردار ادا کرنا چاہیے۔قرارداد میںکہا گیا ہے کہ ناروے کو یورپی یونین، امریکا اور دیگر ممالک کے اشتراک سے اقوام متحدہ یا دیگر بین الااقوامی فورمز پر تشدد کو کم کرنے، انسانی حقوق کی پامالیاں روکنے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے کوشش کرنے کا جائزہ لینا چاہیے۔

ادھرکشمیری ا سیکنڈے نیوین کونسل کے سربراہ سردارعلی شاہ نواز خان نے صحافیوں کو بتایا کہ ناروے کے وزیرخارجہ بورگے برندے 23 مئی کوپارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیرپر پالیسی بیان دینگے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے کہ نارویجن پارلیمنٹ تیرہویں مرتبہ کشمیر پر بحث کرنے جارہی ہے۔
تازہ ترین