• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی:لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں بجلی تعطل کا دورانیہ بڑھ گیا

Load Shedding Duration Increased Negative Areas
کے الیکٹرک کی چالاکیاں، کراچی کے مختلف علاقوں میں لمبی لمبی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے جبکہ شیڈولڈ لوڈ شیڈنگ والے علاقوں میں بجلی جانے کے گھنٹے اور بڑھ گئے۔

نو لوڈ شیڈنگ ایریاز میں ٹیکنیکل فالٹ، فیڈر ٹرپنگ اور منٹینس ورک کے نام پر بجلی غائب ہے، شہری گرمی میں بغیر بجلی کے پریشان، صنعتی ایریاز میں آئندہ 15 دن رات 11سے صبح 7بجے تک بجلی نہیں ہوگی۔

بجلی کی کم سے کم لوڈ شیڈنگ کے حکومتی دعوے اپنی جگہ، مگر ثابت ہوگیا، کہ کراچی میں ہوگا وہی جو کے الیکٹرک چاہے گی، اس کے پاس زیادہ سے زیادہ لوڈ شیڈنگ کے درجنوں حربے ہیں۔

کے الیکٹرک کہیں مرمتی کام کے بہانے ٹھیک ٹھاک کھمبوں اور پی ایم ٹیز پر عملے کو چڑھا کر گھنٹوں بجلی بند کئے رکھتی ہے، تو کہیں ٹیکنیکل فالٹ کی آڑ لی جاتی ہے، کبھی ٹرانسمیشن لائن میں گڑ بڑ، تو کہیں فیڈر ٹرپ ہونے کی ترپ چال۔

یوں گزشتہ 20 دنوں کے دوران شہر میں بجلی کا چھٹا بریک ڈاؤن ہوا ہے، اس پر کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح تیز ہواؤں اور آندھی کے باعث این ٹی ڈی سی کے 500 کلو واٹ سرکٹ پول کو نقصان پہنچا جس سے نیشنل گرڈ سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

گلشن اقبال، ائیرپورٹ کے اطراف کے علاقے، ایف بی ایریا، نارتھ کراچی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کا تعطل آئندہ دو تین روز تک جاری رہے گا۔

کراچی میں بجلی کی طلب 3 ہزار میگا واٹ اورشارٹ 500 میگاواٹ ہے تاہم کئی علاقے ایسے بھی ہیں جہاں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10سے 12گھنٹے تک جاپہنچا ہے۔

لوڈ شیڈنگ کے باعث صنعتی اور تجارتی علاقے بھی شدید متاثر ہوئے ہیں، تاجر رہنما عتیق میر نے خبردار کیا ہے کہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا تو کے الیکٹرک کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق صنعتوں کو آئندہ 15 دن رات 11سے صبح 7 بجے تک لوڈشیڈنگ کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔
تازہ ترین